ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر موجود پی آئی اے کے اےٹی آر طیارے میں کوئی فالٹ نہ نکلا ، انجینئرز نے طیارہ مکمل درست قرار دے دیا۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے اے ٹی آر 72-500 جو ملتان ایئر پورٹ کے رن وے پر موجود تھا اور انجن سٹارٹ کرتے وقت اس طیارے میں آگ کے شعلے بلند ہوئے تھے جسے سول ایوی ایشن حکام نے رن وے پر ہی روک لیا تھا ،معلوم ہوا ہے کہ پی آئی اے انجینئرز نے طیارے کے دونوں انجن کو کھول کر چیک کیا اورطیارے کے دیگر حصوں کی بھی مکمل چیکنگ کی گئی،مذکورہ طیارہ بدستور گراؤنڈ ہے ، جسے آپریشنل کرنے کے احکامات جاری نہیں کئے گئے ۔ پی آئی اے حکام کے مطابق تمام اے ٹی آر طیارے درست حالت میں موجود ہیں اور انہیں فی الحال گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔دریں اثناءلاہور میں موسم کی خرابی کے باعث نجی ایئر لائن کی دو پروازوں کو ملتان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا۔ جبکہ مدینہ سے ملتان آنے والی اور ملتان سے مدینہ جانے والی پی آئی اے کی فلائٹ منسوخ کر دی گئیں ۔ ذرائع کے مطابق مدینہ سے ملتان آنے والے پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 716 اورمدینہ واپس جانے والی پی کے 333 منسوخ کر دی گئیں ۔ پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 716 گذشتہ روز صبح 5 بج کر 40 منٹ پر ملتان پہنچنا تھا لیکن فلائٹ ملتان کے لیئے منسوخ کر دی گئی اور اسے کراچی میں اتار لیا گیا جہاں سے ری شیڈول کر کے ایک اور جہاز کے ذریعے مسافروں کو ملتان پہنچایا گیا ، اسی طرح ملتان سے مدینہ جانے والی فلائٹ پی کے 333 بھی منسوخ کر دی گئی ۔