• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سولر لائٹس کی تنصیب میں ٹی ایم اے ٹوپی کی کارکردگی صفر ہے، اسد قیصر

صوابی( نمائندہ  جنگ  )  سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے سولر لائٹس کی تنصیب میں سست روی کا مظاہرہ کرنے پر ٹی ایم اے ٹوپی و دیگر متعلقہ حکام پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ٹی ایم اے ٹوپی کی ناقص کارکردگی کے باعث سولر لائٹس کی تنصیب کے عمل کی نگرانی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ سپیکر اسدقیصر کی زیر صدارت ٹوپی سمیت چھ یونین کونسلوں میں 5 کروڑ روپے کی لاگت سے سولر لائٹس کی تنصیب کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں تحصیل ناظم ٹوپی سہیل خان یوسفزئی ، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن زیب اللہ خان ، چیف انجینئر لوکل کونسل بورڈ، ٹی ایم او تحصیل ٹوپی، ضلعی آفیسر فنانس اینڈپلاننگ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں مذکورہ لائٹس کی تنصیب کے معاملہ پر تفصیلی بحث کی گئی اس موقع پر ٹی ایم او ٹوپی سمیت دیگر متعلقہ حکام کی ناقص کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ سپیکر نے کہا کہ تقریبا 9 ، 10 ماہ پہلے مذکورہ سکیم کا افتتاح کیا گیا اور لوکل گورنمنٹ کے توسط سے 5 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے لیکن تاحال اس سکیم پر عمل درآمد کے ضمن میں کارکردگی صفر کے برابر ہے ۔ سپیکر نے تحصیل ٹوپی کی مشاورت سے مذکورہ سولر سکیم کو 28 فروری 2017 تک مکمل کرنے کا ٹارگٹ دیتے ہوئے بصورت دیگر متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کرنے کا عندیہ دیا ۔ سپیکر نے متعلقہ حکام کی ناقص کارکرگی اور سست روی کے باعث مذکورہ سیکم پر عمل درآمد کے عمل کی نگرانی محکمہ اینٹی کرپشن صوبہ خیبرپختونخوا کو حوالہ کی تاکہ مذکورہ کام کی رفتار تیز کرکے عوام کو جلد از جلد سہولت کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے ۔سپیکر نے انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ کام کی رفتار تیز تر کرنے کے ساتھ پی سی ون کے مطابق کام کیا جائے۔ پی سی ون سے ہٹ کرکام کروانے کا سخت نوٹس لیا جائے گا اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ سولر لائٹس کے مستقل مینٹیننس کے لئے آئندہ اے ڈی پی میں فنڈز مختص کرنے کے لئے بھی کیس تیار کیا جائے تاکہ مستقبل میں کسی بھی خرابی کو بروقت دور کیا جاسکے اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ موجودہ وقت میں تحصیل ٹوپی کے حدود میں جو سولر لائٹس خراب ہیں ان کو ٹی ایم اے ٹوپی اپنے فنڈز سے ٹھیک کرے گی اس ضمن میں ایک ٹیکنیکل ٹیم سولر لائٹس کا معائنہ کرنے کیلئے دورہ کریگی اور خراب لائٹس کو درست کرنے کے لئے لائحہ عمل مرتب کرے گی ۔
تازہ ترین