چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ اکیسویں آئینی ترمیم کے خلا کو پر کرنے کے لیے قومی اسمبلی، سینیٹ سے منظور کردہ انسداد دہشت گردی اور تحفظ گواہان بلز کو منظور کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آرمی پبلک اسکول سانحہ کے بعد پارلیمنٹ نے اکیسویں آئینی ترمیم منظور کی تھی، یہ ترمیم 7 جنوری کو ختم ہو جائے گی، اس سلسلے میں سینیٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی نے ملک میں انصاف کی فراہمی کے حوالے سے رپورٹ میں دو بلز مرتب کئے تھے۔
چیئرمین سینیٹ نے یہ بھی کہا کہ یہ انسداد دہشت گردی ترمیمی بل اور گواہوں کے تحفظ کے بل تھے، ان بلز نے اکیسویں آئینی ترمیم میں کی گئی ترمیم کے خاتمے کے بعد پیدا ہونے والے خلا کو پر کرنا تھا، یہ بل سینیٹ سے منظوری کے بعد قومی اسمبلی کو بھجوا دیے تھے، تاہم وہ بلز ابھی تک قومی اسمبلی سے منظور نہیں ہوئے ہیں، کہیں قانونی خلا پیدا نہ ہو اس لیے حکومت قومی اسمبلی سے یہ بل منظور کر وا لے۔