ملتان( سٹاف رپورٹر،نامہ نگاران)ملتان میں سالے نے بہنوئی ،احمدپورشرقیہ میں بھا ئیوں نےبہن کو قتل کر دیا،عبدالحکیم میں رمضان کو نامعلوم افراد نے گولی مار دی،تفصیل کے مطابق خان گڑھ کے رہائشی نوجوان خورشید کی شادی کچھ عرصہ قبل ملتان میںفضل ماڑی کے رہائشی عبدالرحمٰن بھٹی کی بیٹی سے ہوئی ، لڑکی روٹھ کر میکے آئی ہوئی تھی گزشتہ روز خورشید بیوی کو منانے کے لئےآیا تو سسرال میں جھگڑا ہو گیا اس دوران خورشید کے سا لے شان نے چھری کے وار کر کے اپنے بہنوئی کو قتل کردیا، تھانہ شاہ شمس پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی اور مقدمہ درج کر کے ملزم شان کو گرفتار کر لیا اور اس سےآلہ قتل برآمد کر لیا ۔ احمدپورشرقیہ کے نواحی علاقہ فیض پور کے رہا ئشی محمد ریاض اور محمد شاہد کو اپنی بہن پر شبہ تھا کہ اس کے اسلم کے ساتھ تعلقات ہیں۔ گزشتہ روز ریاض اور محمد شاہد نے مٹھن مائی کو گلہ دبا کر قتل کر دیا۔ اطلاع پر تھا نہ صدر پولیس مو قع پر پہنچ گئی اور لاش پوسٹ مارٹم کے لئے سول ہسپتال بھجوا دی،پولیس نے مقدمہ درج کر کے کاروائی شروع کر دی ۔عبدالحکیم کی بستی مبارک آباد کے رہائشی محمد عمران نے پولیس کو بتایاکہ اس کا بڑا بھائی محمد رمضان جو سعودی عرب میں ملازمت کرتا ہےمجھے ملنے آیا ،رات کو ہم دونوں بھائی ایک ہی کمرے میں سوئے صبح رمضان نے مجھے اٹھایا ، میں دکان پر چلا گیا ،رمضان دوبارہ کمرے میں لیٹ گیا ، میرا چچا زاد ظہورحسن میرے گھر آیا تو اس نے دیکھا کہ رمضان کے دائیں کندھے پر فائر لگا ہوا ہے اور وہ جاں بحق ہو چکا ہے ،پولیس نے رمضان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے کبیروالا بھیج دیا ،ہومی سائیڈ پولیس نے بتایا ہے کہ جلد ہی قتل کا سراغ لگاکر قاتلوں کو گرفتار کر لیں گے۔