گھارو (نامہ نگار) ٹھٹھہ شہر میں ڈرینج سیم نالے کی صفائی نہ ہونے کے باعث نالے سے پانی ابلنا شروع ہو گیا ہے جس کے باعث کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا شہید بینظیر کلچرل کمپلیکس، مختار کار آفس، دولہا دریا خان اور پبلک پارک سمیت کچی آبادی زیر آب آ گئی ہے گٹروں کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ شہر میں ڈرینج سیم نالے کی گذشتہ کئی سالوں سے صفائی نہ ہونے کے باعث ڈرینج سیم نالے سے پانی ابلنا شروع ہو گیا ہے، اور سیم نالے کا گندہ بدبو دار پانی سے مختار کار آفس، سب جیل، شہید بینظیر بھٹو کلچرل کمپلیکس ، شہید دولہا دریا خان اور پبلک پارک سمیت کچی آبادی مکمل طور پر زیر آب آ چکی ہے گندہ پانی کچی آبادی کے مکینوں کے گھروں میں داخل ہو جانے سے مکینوں کا جینا دوبھر ہو گیا ہے اور گندے پانی کی نکاسی کے لیے اب تک نہ ہی میونسپل انتظامیہ اور نہ ہی ضلعی نتظامیہ نے کوئی قدم اٹھایا ہے کچی آبادی کے متاثرہ افراد جن میں خواتین بچے بھی شامل ہیںنے ٹھٹھہ شہر میں احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی، احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ساراں بلوچ وکیو میربحر عیسی گندرو اور دیگر نے کہا کہ گٹروں کا پانی انکے گھروں میں جمع ہو گیاہے اور اس شدید سردی میں ان کے معصوم بچے سخت اذیت سے دوچار ہیں ضلعی انتظامیہ اور تعلقہ میونسپل انتظامیہ کے سامنے بارہا شکایات کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی اور احتجاج پر انکے خلاف جھوٹے مقدمات داخل کر دئیے جاتے ہیں انھوں نے مطالبہ کیا کہ ڈرینج سیم نالے کی صفائی کرا کر ان کے علاقوں سے گٹر کے پانی کی نکاسی کی جائے ۔