کراچی (جنگ نیوز) سال 2015 پاکستان میں کھیلوں کےلئے بدترین سال رہا۔ قومی کھیل ہاکی اولمپکس میں رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ فٹبال بھی سیاست کی وجہ سے ٹھوکریں کھاتا رہا۔ البتہ اسکواش پاکستانی سرزمین پر واپس آیا ۔ اسنوکر میں 17سال بعد ایشیائی ٹائٹل ملا ہے اور پاکستان 9برس بعد ڈیوس کپ کے گروپ ون میں پہنچا۔ 2015ہاکی میں سب سے نامرادی کا سال ثابت ہوا۔ اس برس پاکستان کی ٹیم صرف ایک ٹورنامنٹ بیلجیئم میں ورلڈ ہاکی لیگ میں ہی شرکت کر سکی۔ ٹورنامنٹ کے پلے آف میں آئرلینڈ جیسی کمزور ٹیم سے شکست نے پاکستان کو پہلی بار اولمپکس سے باہر کر دیا۔ اس ناکامی کے بعد فیڈریشن کے عہدیداروں اختررسول اور رانا مجاہد کی جگہ شہباز سینئر اور بریگیڈیئر خالد کھوکھر پی ایچ ایف کے نئے صدر اور سیکریٹری مقرر ہوئے۔ جونیئر ٹیم کو ایشیا کپ کھیلنے ملائیشیا کے شہر کوانتن بھیجا، جہاں ٹیم فائنل میں بھارت سے2-6سے ہار گئی۔ البتہ اس نے اگلے برس ہونے والے جونیئر عالمی کپ کے لیے ضرور کوالیفائی کر لیا ہے۔ فٹبال کی حالت ماضی جیسی ہی رہی12 سال تک پی ایف ایف کے صدر رہنے کے بعد سید فیصل صالح حیات جون میں انتخابات کر کے پھر فیڈریشن کے صدر بن گئے۔ تاہم لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کو کالعدم قرار دے کر شفاف انتخابات کرانے کی ذمہ داری اور فٹ بال فیڈریشن کی انتظامی باگ ڈور اسد منیر کو سونپ دی۔ دوسری طرف فیصل صالح حیات کے مخالف گروپ نے فیڈریشن کے دفتر پر قبضہ کر لیا۔ اس کشمکش میں پاکستان فٹ بال ٹیم ساف چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم رہی۔ چمن سے تعلق رکھنے والے کلیم اللہ کسی امریکی کلب سیکریمنٹو ریپبلک سے معاہدہ کرنے والے پہلے پاکستانی فٹبالر بن گئے۔ گذشتہ خواتین فٹبالرز پہلی بار انٹرنیشنل میڈیا کی توجہ کا مرکز بنیں ۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار خواتین فٹبال ٹیم کی کپتان ہاجرہ خان جرمن کلب کے ٹرائلز کےلئے منتخب ہوئی تاہم ویزے مسائل کے سبب ان کا ٹرانسفر نہ ہوسکا۔ ٹینس میں اعصام الحق اور عقیل خان کی اعلیٰ کارکردگی نے ترکی میں پاکستان کو چائنیز تائیپے کے خلاف کامیابی دلا کر نو سال بعد ڈیوس کپ کے گروپ ون میں پہنچا دیا۔ اس سے پہلے پاکستان نے کویت اور انڈونیشیا کو بھی شکست دی۔ کوالالمپور میں حمزہ اکبر نے سابق عالمی چیمپئن بھارت کے پنکج ایڈوانی کو فائنل میں 6-7سے ہرا کر ایشیائی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔2015 میں پاکستان نمبر ایک ناصر اقبال نے پریزیڈنٹ اسکواش انٹرنیشنل گولڈ کپ جیتا جبکہ عامر اطلس خان حکام کے رویے سے دلبرداشتہ ہو کر امریکا سدھار گئے ۔ کویت میں پاکستان کو ایشین اسکواش ٹائٹل کے دفاع میں بھی ناکامی کا سامنا رہا ۔ البتہ پاکستان کی خاتون اسکواش کھلاڑی ماریہ طور نے رواں برس دو انٹرنیشنل ٹائٹل جیتے۔