• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وکی میڈیا کا فوٹوگرافی مقابلہ، پاکستان مونومنٹ کی تصویر دنیا کی چھٹی بہترین تصویر قرار

اسلام آباد (آئی این پی )وکی میڈیا کی جانب سے فوٹوگرافی کے کروائے گئے ایک مقابلے میں تین پاکستانی فوٹوگرافروں کی تصاویر دس بہترین تصاویر میں شامل کی گئی ہیں۔ وکی میڈیا کے مطابق ʼوکی لوز مونومنٹس 2016ʼ کے عنوان سے منعقد کرائے گئے اس مقابلے میں دنیا بھر سے 10،748 فوٹوگرافروں نے تقریبا تین لاکھ تصاویر بھیجیں جن میں سے 15 بہترین تصاویر منتخب کی گئی ہیں۔ فوٹوگرافی کے اس مقابلے کو دنیا کا سب سے بڑا فوٹوگرافی کا مقابلہ بھی کہا جاتا ہے۔ اس مقابلے میں جرمنی کے دارالحکومت برلن کی ڈسٹرکٹ کورٹ کی انسگر کورنگ کی بنائی ہوئی تصویر کو پہلے انعام کا حقدار ٹھہرایا گیا۔ اسلام آباد میں واقع پاکستان مونومنٹ کی شام کے وقت بنائی گئی محمد اشعر کی تصویر کو چھٹی بہترین تصویر قرار دیا گیا۔ دس بہترین تصاویر میں پاکستان کی دوسری تصویر ضلع بہاولپور میں اوچ کے مقام پر واقع بی بی جیوندی کے مقبرے کی تصویر ہے۔ اسامہ شاہد کی بنائی ہوئی یہ تصویر مقابلے کی آٹھویں بہترین تصویر ہے۔ بہاولپور میں نویں صدی میں تعمیر کردہ قلعہ دراوڑ کی تحسین شاہ کی بنائی ہوئی تصویر مقابلے کی دسویں بہترین تصویر ہے۔ وکی میڈیا کے مطابق یہ منتخب تصاویر 42 ممالک کی بہترین ثقافتی ورثے کی عکاس ہیں۔ اس مقابلے کا آغاز 2010 میں ہوا تھا جس میں وکی میڈیا کامنس کے ذریعے تصاویر بھیجی گئی تھیں۔ وکی میڈیا کا کہنا ہے یہ تصاویر ان ممالک کی قومی یادگاروں سے متعلق مضامین کے ساتھ تصویری جھلک پیش کرنے میں مدد کر سکتی ہیں اور بلا کسی لائسنس کے دستیاب ہیں۔
تازہ ترین