• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی الیکشن انتظامیہ بمقابلہ اپوزیشن تھا‘ چوہدری شجاعت‘ پرویز الٰہی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما چوہدری پرویزالٰہی نے انتظامیہ اور پنجاب حکومت کے تمام تر ہتھکنڈوں کے باجود اٹک‘ جلالپور جٹاں اور تلہ گنگ میں اپنے بلدیاتی عہدیداروں کی بھرپور کامیابی اور ضلع کونسل گجرات میں صرف آٹھ ووٹوں کے فرق پر اپنی پارٹی‘ پی ٹی آئی اور ن لیگ سے تعلق رکھنے والے تمام چیئرمین حضرات کا دلی طور پر شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے اپنے ضمیر کی آواز اور گجرات کی شرافت و عزت کی خاطر انہیں ووٹ دیئے۔ دونوں قائدین نے میڈیا اور اپنے حامیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے کامیاب امیدواروں اور ان کے ساتھیوں و حامیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن ن لیگ کا نہیں تھا بلکہ پنجاب انتظامیہ کی اپنی ٹرانسفر پوسٹنگ کی بقاء کیلئے جنگ تھی ،شرافت اور خدمت کے مقابلہ میں دھونس‘ دھاندلی اور کلاشنکوف کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہےاس لئے انہوں نے بھرپور طریقے سے الیکشن لڑا کیونکہ شہبازشریف نے انہیں ٹاسک دیا تھا کہ یہ ان کا امتحان ہے اور الیکشن کے بعد ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ سرکاری اختیارات کا ناجائز استعمال اور ووٹروں کو ہراساں کیا گیا۔ انہوں نے اس امر پر نہایت افسوس اور تشویش کا اظہار کیا کہ شرافت اور خدمت کے مقابلہ میں دھونس‘ دھاندلی اور کلاشنکوف کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ چوہدری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ بلدیاتی الیکشن انتظامیہ بمقابلہ اپوزیشن تھا۔ ن لیگ کے امیدواروں کی جگہ انتظامیہ الیکشن لڑ رہی تھی۔ ڈی سی اوز اپنی ٹرانسفر سے بچنے کیلئے دبائو میں تھے۔ اس موقع پر چوہدری وجاہت حسین‘ کامل علی آغا‘ ریاض اصغر چوہدری‘ میاں عمران مسعود‘ حسین الٰہی‘ سعادت نواز اجنالہ اور دیگر رہنما ان کے ہمراہ تھے۔
تازہ ترین