صوابی( نمائندہ جنگ )سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ آج اتوار پچیس دسمبر کو بابائے قوم قائد اعظم کے یوم پیدائش کے موقع پر دوپہر بارہ بجے صوابی کے شہر زیدہ میں عمران خان کا تاریخی جلسہ عام سی پیک کے منصوبے اور پانامہ لیکس کے حوالے سے ایک تاریخ ساز جلسہ ہو گا اس جلسے سے قبل اس کے ثمرات آنا شروع ہو گئے اور سی پیک کے حوالے سے پاکستان اور چین کے مشترکہ اجلاس میں کل سوموار کے روز وزیر اعلی خیبر پختونخوا سرکاری دورے پر چین جا کر وہاں مشترکہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کر کے فیصلہ کرینگے پاکستان تحریک انصاف نے نہ صرف پختونخوا بلکہ تمام چھوٹے صوبوں کے حقوق کی بات کا آغاز صوابی سے کر دیا ہے اور اس کے دور رس نتائج سامنے آئینگے ۔زیدہ سٹی میں عمران خان کے جلسہ عام کی تیاریوں کے حوالے سے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آج عمران خان کے جلسہ صوابی سے پسماندہ خیبر پختونخوا کے حقوق اور ایک نئی جدوجہد کاآغاز کر دیا ہے یہ ایک عام جلسہ نہیں ہوگا بلکہ یہ خیبر پختونخوا کے حقوق کی جنگ ہے پاکستان کی یکجہتی ، سالمیت خیبر پختونخوا سمیت چھوٹے صوبوں کی حقوق کی جنگ ہے۔ عوام کو بخوبی علم ہے کہ اقتدار میں آنے کے بعد اب تک وفاقی حکومت نے این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے اجلاس طلب نہیں کیا جس کی وجہ سے صوبے کو کافی مسائل کا سامنا ہے کیونکہ خیبر پختونخوا کو اپنے حقوق نہیں مل رہے ہیں اسی طرح بجلی رائلٹی کا جو معاہدہ ہوا تھا اس کی بقایا جات وفاق نے ادا کی اور نہ ہی اس کے لئے مرکز نے کوئی ٹائم فریم دیا اسی طرح پاکستان میں سب سے بڑا منصوبہ سی پیک کا ہے یہ چین اور پاکستان دونوں ممالک کا مشترکہ منصوبہ ہے جس سے دونوں ممالک کا مستقبل بدل ہونے کے علاوہ دُنیا میں ایک نیا نظام اور ایک نیا معاشی انقلاب بر پا ہو جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک تمام صوبوں کا مشترکہ منصوبہ ہے اس کے ثمرات تمام صوبوں کو یکساں ملنے چاہئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہے اور ہر موقع پر پاکستان کی سالمیت ، یکجہتی اور صوبوں کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کر رہی ہے پاکستان تحریک انصاف مرکز میں اقتدار میں آکر چھوٹے صوبوں کی بنیادی مسائل ، پانی کی تقسیم ، این ایف سی ایوارڈ ، سی پیک اور دیگر منصوبوں کے حوالے سے اعتماد میں لے کر ان کے مشاورت سے آئین اور قانون کے تحت ان کے حقوق دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو خوشخبری دیتے ہیں کہ پچیس دسمبر کے جلسہ زیدہ صوابی کا ابتدائی آغاز ایک اچھے طریقے سے کیا اور اس کے نتیجے میں چین کی قیادت آکر صوبائی حکومت کو اعتماد میں لے کر یقین دہانی کرائی اور چین کے سرکاری دورے کی دعوت دی گئی انہوں نے کہا کہ ستر فی صد تک مطالبات حل ہو رہے ہیں سی پیک کے منصوبے سے خیبر پختونخوا کی تقدیر بدل جائے گی ۔