اسلام آباد (نمائندہ جنگ )وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے پیکنگ یونیورسٹی بیجنگ میں طلباسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک ون بلٹ ون روڈ پراجیکٹ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جو پورے خطے کو آپس میں جوڑ دے گا ، اس منصوبے کے تحت اب تک 30ارب ڈالرز کےپراجیکٹس کو عملی جامہ پہنایا جا چکا ہے۔وفاقی وزیرنے کہا کہ چھٹی جے سی سی میں نئے پراجیکٹس کی شمولیت سے سی پیک کے تحت سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا، میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کیا کہ سی پیک کے تحت جاری پاک چین صنعتی تعاون پاکستان میں معاشی انقلاب کا باعث بنے گا ۔ جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت پہلے مرحلے میں پاکستان کے تمام صوبوں میں 8صنعتی زونز بنیں گے۔ جبکہ بلوچستان میں دو زونز کی تجویز ہے جس میں گوادر فری زون بھی شامل ہے،وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والی چینی کمپنیوں کی حفاظت کیلئے نئی فورس تشکیل دی جا چکی ہے. پاکستان اور چین مل کر سی پیک کیخلاف مزموم مقاصد رکھنے والی قوتوں کو ناکام بنائیں گے. چھٹی جے سی سی میں اعلی صوبائی قیادت کی شمولیت قومی اتحاد و یکجہتی کا مظہر ہے. صوبوں کی بھر پور شرکت سے سی پیک منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل ممکن ہوگی. سی پیک لانگ ٹرم پروگرام کے ذریعے تعلیم، زراعت اور سیر و سیاحت کے شعبے کو ترقی دی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی شعبے کو فروغ دینے کیلئے پاکستان اور چینی یونیورسٹیوں کو مل کر کام کرنا چاہئے ۔ سی پیک کے تحت عوامی رابطوں کو مزید فروغ دیا جائے گا اور پاکستانی اور چینی میڈیا کے درمیان تعاون اور مشترکہ پراجیکٹس کی تجویز بھی زیر غور ہیں ۔چین پاکستان اقتصادی راہداری پر چھٹی جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (جے سی سی) میٹنگ میں شرکت کے لیے وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق ، وزیر اعلیٰ پرویز خٹک ،وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار ثنا اللہ زہری وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفظ الرحمن بیجنگ پہنچ گئے ہیں جبکہ دیگر صوبوں کے وزرائےاعلیٰ اور حکام آج روانہ ہونگے ۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال پہلے ہی بیجنگ میں ہیں ۔ سی پیک کے جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے اور نئے منصوبوں کو سی پیک میں شامل کرنے کے لیے سی پیک جوائنٹ کو آپریشن کمیٹی ( جے سی سی ) کا اہم اجلاس کل سے بیجنگ میں شروع ہوگا ۔چین کی جانب سے نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم ( این ڈی آر سی ) کے وائس چیئرمین وفد کی قیادت کریں گے۔ پاکستانی وفدکی قیادت وفاقی وزیر احسن اقبال کریں گے ،جے سی سی اجلاس سے پہلے بدھ کو(آج ) دونوں ملکوں کے اعلیٰ حکام کا اجلاس ہوگا ۔