• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبوں کی خود مختاری واپس لی گئی تووفاق پر مزید کالے بادل منڈلائینگے،رضا ربانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئر مین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ کراچی روشنیوں کا شہر اور منی پاکستان ہے اس کے شہریوں کو تعلیم و صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہم سب کا فرض ہے۔تعلیم و صحت صوبائی معاملہ ہے لیکن اٹھارویں ترمیم کے وقت بھی یہ کوشش کی گئی کہ صحت پر وفاق کا تسلط قائم رہے اور اٹھارویں ترمیم کی منظوری کے بعد بھی کچھ قوتیں سر دھڑکی بازی لگا رہی ہیں کہ صحت و تعلیم کا شعبہ وفاق کو مل جائے ۔مگر اب سیاسی صورتحال 60اور70کی دہائی کے سیاسی حالات سے مختلف ہے۔ اگر صوبوں کو دی ہوئی خود مختاری واپس لی گئی تووفاق پر سیا ہ بادل منڈلائینگے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتے کو دار الصحت اسپتال میں جدید آئی سی یو اور یچ ڈی یو یونٹ کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر دار الصحت کے چیئر مین عامر ولی الدین چشتی،وائس چیئر مین ڈاکٹر فرحان رضی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد عالم اور لیاقت کالج آف میڈیسن اینڈ دینٹسٹری کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر نوید قریشی نے بھی خطاب کیا۔ چیئر مین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ سندھ میں صحت کے مزید ادارے قائم ہونے چاہیے صحت و تعلیم کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی زمہ داری لیکن اگر ریاست اپنی زمہ داری پوری نہ کرے تو پھر مخیر حضرات سامنے آتے ہیں ۔مجھے خوشی ہوئی کہ دار الصحت نے اچھے سفر کا آغاز کیا ،امید کرتا ہوں کہ یہ سفر اندرون سندھ میں بھی صحت کے مراکز قائم کرکے مزید آگے بڑھے گا۔انھوں نے کہا کہ دار الصحت کا سفر کامیابی کی مثال ہے اس کی تاریخ خدمت اور تحقیق پر مبنی ہے جو نہ صرف کراچی بلکہ پاکستان کے لیے مشعل راہ بن سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ یہاں آکر اس لیے بھی خوشی اور اطمینان محسوس ہوا کہ میری ملاقات میرے استاد قمر رضوی سے ہوگئی ،مجھے اگر ان کی رہنمائی نہ ملتی تو میں شاید بھٹکا ہوا نوجوان ہوتا۔اس موقع پر چیئر مین عامر ولی الدین چشتی نے کہا کہ 16سال قبل پچاس طلبہ سے کالج کا آغاز کیا ،کچھ سال بعد پی ایم ڈی سی نے طلباء کی تعداد پچاس سے بڑھا کر75کرنے کی منظوری دی گئی اور ترقی کا سفر آگے بڑھتا رہا۔ انھوں نے بتایا کہ اسپتال میں اپ گریڈ کیے گئے نئے انتہائی نگہداشت ( آئی سی یو) میں 15بستروں کی گنجائش ہے جبکہ پانچ بستروں کو ہائی ڈیپینڈینسی یونٹ (ایچ ڈی یو ) کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
تازہ ترین