• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائد حزب اختلاف بلاول ہی ہونگے، میں مشیر بنوں گا، خورشید شاہ

سکھر (بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہی ہوں گے، میں پارٹی لیڈر کا ایڈوائیزر بن کر ان کے پیچھے چلوں گا۔ وہ اپنی رہائشگاہ پر صحافیوں سے بات کررہے تھے۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ جس طرح وفاقی کابینہ میں شامل وزراء معزز ججز کے حوالے سے بیانات دے رہے ہیں وہ انتہائی خطرناک ہیں، ایسے حالات پیدا نہ کئے جائیں جس سے سیاسی حالات بھی متاثر ہوں، بلاول بھٹو زرداری نے جوچار نکات پیش کئے ہیں وہ پیپلزپارٹی کے نہیں بلکہ قوم کی آواز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیپلزپارٹی کے چار نکات کو سنجیدگی سے نہیں لیاجس پر ہمیں افسوس ہے، حکومت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیئے کیونکہ یہ چار نکات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور ہم ملک میں کوئی سیاسی بحران نہیں چاہتے کیونکہ جمہوریت کو مضبوط اور مستحکم بنانے میں پیپلزپارٹی نے کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جنوری کے مہینے میں پنجاب سے سیاسی مہم کا آغاز کررہی ہے اور یہ سیاسی مہم پورے ملک میں چلے گی ، ہر ضلع میں جائینگے ، عوام سے رابطہ کریں گے ۔
تازہ ترین