• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ہاکی،نیوی نے ائیرفورس پر برتری ثابت کردی، 7گول سے کامیاب

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ہاکی کلب میں جاری قومی ہاکی چیمپئن شپ میں اتوار کو پاکستان نیوی نے پاکستان ائیرفورس کو بآسانی یکطرفہ مقابلے کے بعد 7-0سے شکست دے دی، پاکستان واپڈا نے پاکستان کسٹمز کے خلاف ایک کے مقابلے میں تین گول سے کامیابی سمیٹی۔ پاکستان ریلوے اور اور پورٹ قاسم کا میچ دو، دو گول سے برابر رہا، اس میچ میں پورٹ قاسم کی ٹیم جسے اولمپئنز کاشف جواد اور شکیل عباسی کی خدمات حاصل تھی ۔ دو گول کے خسارے میں جانے کے بعد ہوش میں آ ئی اور میچ برابر کرنے میں کامیاب رہی، ریلوے کی جانب سے احمد ندیم نے 41 اور کپتان محمد عثمان نے 44 ویں منٹ میں گیند کو جال میں اچھال کر ٹیم کو سبقت دلادی تھی جس کے بعد پورٹ قاسم کے کھلاڑی فارم میں آگئے اور انہوں نے دو گول بناکر اپنی ٹیم کی شکست کے خطرے کو ٹال دیا، کاشف جواد اور زبیر نے ایک، ایک گول اسکور کئے، پاکستان نیوی اور ائیرفورس کا میچ یک طرفہ ثابت ہوا، پاکستان نیوی کی جانب سے اسد عزیز اور محسن صابر نے دو، دو گول اسکور کئے۔ علی شیر ، کامران آصف اور ایس احمد نے ایک ایک گول اسکور کیا، پاکستان واپڈا نے پاکستان کسٹمز کے خلاف ایک کے مقابلے میں تین گول کی فتح کو گلے لگایا، واپدا کی جانب سے 41ویں منٹ میں محمد عثمان نے پہلا گول اسکور کیا، دو منٹ بعد رانا عمیر نے اپنی ٹیم کی برتری کو دوہری کردیا۔ کھیل کے 58ویں منٹ میں محمد شہباز نے اپنی ٹیم کا تیسرا گول بنایا، ایک منٹ بعد پاکستان کسٹمز کی جانب سے عاصم خان اپنی ٹیم کا واحد گول اسکور کرنے میں کامیاب ہوگئے، چیمپئن شپ میں پیر کو کوارٹر فائنلز کی لائن اپ مکمل ہوجائے گی۔ پیر کو سرکاری ٹی وی کا مقابلہ پاکستان اسٹیل سے اور این بی پی کا مقابلہ ائیر فورس سے ہوگا۔
تازہ ترین