جہانیاں(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں) سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے عمران خان کی جانب سے خودکوپاگل قراردینے پر پی ٹی آئی چیئرمین کو مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیکل بورڈ بناکرعمران کا اور میرادونوں کا مینٹل اورنشے کا ٹیسٹ کرایاجائے‘پاگل خانے کی رپورٹ آگئی تو قوم کی کپتان سے جان چھوٹ جائے گی‘ان میں اتنی ہمت نہیں کہ میرے سامنے بیٹھ کربات کرسکیں‘ عمران خان نے مجھے خود کہا کہ تصدق جیلانی چلے جائیں گے جس کے بعد جسٹس ناصرالملک اسمبلیاں تحلیل کردیں گے‘عمران خان نے میرے خلاف نامناسب بات کی،عمران خان جھوٹا ہے قوم جلد جان جائیگی،11مرتبہ قوم نے ممبر اسمبلی منتخب کیا‘میں اسمبلی کی مچھلی ہوں ‘پانی کے بغیر تڑپ کر مر جاؤں گا‘میرا تجزیہ درست نکلا کہ دھرنا ناکام ہوگا، شارٹ کٹ سے وزیر اعظم بننے کےخواہشمندتعبیر الٹی ہوتے دیکھ کر بدزبانی پر اتر آئے ہیں، لیڈر دھرنے دینے سے نہیں بلکہ میدان میں نکل کر ڈنڈے کھانے سے بنتے ہیں اگر قوم کو سچ معلوم ہو جائے تو اسے دھچکالگے گا،2013ءکے الیکشن میں ووٹ نہ ملنے پر کپتان مایوس تھے‘شاہ محمود قریشی نے خود میرے سامنے تسلیم کیا تھا کہ پنجاب میں دھاندلی نہیں ہوئی ہے،پی ٹی آئی کا میڈیا سیل دو سال تک مجھے گالیاں دیتا رہا ہے اب عمران خان خود میدان میں آگئے ہیں‘دھرنے کا اسکرپٹ لکھنے والے کراماً کاتبین تھے۔آرمی دھرنے میں ملوث نہیں تھی مگر فوج کے چند غیرمطمئن عناصر تھے جو راحیل شریف کو ناکام کرنا چاہتے تھے اور عمران کے ذریعے پارلیمانی نظام کو تباہ کرنا چاہتے تھے ۔ قوم کے ساتھ دھوکاہوا‘ دھرنے کی تحقیقات کیلئے کمیشن بننا چاہیے۔ جہانیاں میںصحافیوں بات چیت کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان 65سال کے میں67سال کا ہوں‘ عمران مجھ سے دو برس چھوٹے ہیں‘ وہ میرے سامنے بات کرنے کی ہمت نہیں رکھتے، قوم سے بڑا دھوکہ ہوا ہے کمیشن قائم کرکے تحقیقات کی جائیں‘انہوں نے کہا کہ جمہوریت کیلئے ہمیں بے پناہ قربانیاں دینا پڑی ہیں جبکہ شارٹ کٹ سے وزیر بننے کے خواب دیکھنے والے تعبیر الٹی ہوتے دیکھ کر سٹھیا گئے ہیں اور دوسروں کو برا بھلا کہہ کر اپنے ہی پاؤں پر کلہاڑی ماررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کنٹینر پر چڑھ کر دوسروں کے خلاف دشنام طرازی کرنے، دھرنے دینے سے اقتدار نہیں ملتا‘ ایسا سوچنے و الے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ گالیاں دینے سے کوئی بڑا لیڈر نہیں بن جاتا لیڈر بننے کیلئے سوچ کا بڑا ہونا ضروری ہے لوگوں کے دلوں میں گھر کرنے کیلئے سڑکوں پر نکل کر لاٹھیاں کھانا پڑتی ہیں تب جا کر لیڈر بنتے ہیں۔جاوید ہاشمی سے صحافی نے سوال کیا کہ وہ کون سی سیاسی پارٹی جوائن کریں گے تو جاوید ہاشمی نے کوئی جواب نہ دیا اور بات کو بدل دیا ۔