• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاوید ہاشمی کے الزامات کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے، ندیم نصرت

لندن( جنگ نیوز) متحدہ قومی موومنٹ لندن ، پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت نے اصول پرست بزرگ سیاستداں مخدوم جاوید ہاشمی کے انکشافات کو پاکستان کی حالیہ سیاسی تاریخ کے تناظرمیں سب سے اہم اور انتہائی حساس انکشاف قراردیتے ہوئے صدرمملکت اوروزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ مخدوم جاوید ہاشمی کے انکشافات کی روشنی میں عدالتی تحقیقات کرائی جائے ۔ لندن سے بیان میں ندیم نصرت نے کہاکہ ملک وقوم اورجمہوریت کے استحکام کیلئے سینئر سیاستداں جاوید ہاشمی کاکردار اور قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں اورآج بھی علالت کے باوجود اصولی جدوجہد کررہے ہیں۔ ندیم نصرت نے کہاکہ مخدوم جاوید ہاشمی نے اپنے ایک بیان میں انکشاف کیا ہے کہ عمران خان نے انہیں خود بتایا ہے کہ ’’چیف جسٹس آف سپریم کورٹ سے میری ڈیل ہوگئی ہے، جوڈیشل مارشل لاء لگا کر فوج کی مدد سے تحریک انصاف کو الیکشن میں کامیاب کرا دیا جائیگا‘‘۔ ندیم نصرت نے کہاکہ جاوید ہاشمی کے انکشافات پاکستان کی حالیہ سیاسی تاریخ کے تناظر میں پاناما لیکس سمیت دیگر معاملات سے زیادہ بڑے اور اہم ہیں۔ ندیم نصرت نے کہاکہ حصول اقتدار کیلئے عمران خان کی لالچ، بے چینی اور سازشیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں لیکن جاوید ہاشمی نے جن معاملات کا انکشاف کیا ہے وہ انتہائی سنگین نوعیت کے ہیں اور انہیں محض ایک میڈیا بیان سمجھ کر نظرانداز کرنا ملک اور اسکے قومی اداروں کی سالمیت اور وقار کو تباہ کرنے کے مترادف ہوگا۔ اگر واقعتاً عمران خان اور اسوقت کے چیف جسٹس کے درمیان ایسی کوئی ڈیل ہوئی تھی تو یہ نہ صرف عدلیہ کی توہین ہے بلکہ آئین، قانون ، جمہوریت ،عدلیہ اورمسلح افواج کے وقار کو بری طرح مجروح کرنے کی بھی سازش تھی جس کا نوٹس لینا انتہائی ضروری ہے ۔ ندیم نصرت نے صدر ممنون حسین اور وزیراعظم میاںنواز شریف سے مطالبہ کیاکہ جاوید ہاشمی کے انکشافات کی روشنی میں کمیشن تشکیل دیاجائے، ان انکشافات کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے، عمران خان اوراسوقت کے چیف جسٹس کو بھی شامل تفتیش کیاجائے اور قومی اداروں کا وقارمجروح کرنے والے عناصر کیخلاف آئین اورقانون کے تحت کارروائی کی جائے۔
تازہ ترین