کراچی(اسٹاف رپورٹر) مختار احمد خان میموریل انٹرڈویژنل ویمنز والی بال چیمپئن شپ کراچی نے جیت لی۔ فاتح ٹیم آخری لیگ میچ میں حیدر آباد کو3-0 سے ہرا کر ناقابل شکست رہی اور 8 پوائنٹس کے ساتھ ٹائٹل اپنے نام کیا۔ حیدر آباد نے6 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ میرپور خاص4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، سکھر2 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی۔ کراچی کی جانب سے لبنیٰ ناز، عروسہ، یاسینا، مہوش، شافیہ ، فرح نے پوری چیمپئن شپ میں شاندار کھیل پیش کیا جبکہ حیدر آباد کی حمیرا نذیر، حرا خان، نشاط خان، شیریں بھٹی، فائزہ، شمائلہ، عائشہ میر پور خاص کی شکیلہ بلوچ اور امبرین نے بھی نمایاں کھیل پیش کیا۔ سندھ والی بال ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام کے پی ٹی اسپورٹس کمپلکس کراچی میں ہونے والی چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی کے پی ٹی کے منیجر اسپورٹس کرنل (ریٹائرڈ) سید بصیر عالم تھے۔ انجینئر شاہ نعیم ظفر، شاہد مسعود نے خو ش آمدید کہا اور شافیہ نے انہیں اجرک پہنائی۔ اس موقع پر انجینئر سید محفوظ الحق اور نور الحسن اعزازی مہمان تھے۔ سید بصیر عالم نے اپنے خطاب میں اپنی اور کے پی ٹی کی جانب سے والی بال اور دیگر کھیلوں کی ترقی میں اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔