ملتان (سٹاف رپورٹر)پاکستان ریلوے نے خیبر پختونخوا میں مالاکنڈ اور مینگورہ کو ریلوے سسٹم کے ساتھ ملانے کا فیصلہ کیا ہے۔علاوہ ازیں مالا کنڈ اور مینگورہ کے راستے چین کو لنگ کرنے کے لیے سٹڈی مکمل کی جائے گی۔ یہ فیصلہ ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کی۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور، چیئرپرسن مسز پروین آغا اورمشیرریلویز انجم پرویز سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔باخبر ذرائع کے مطابق یہ اقدامات سی پیک منصوبہ کے سلسلہ میں اٹھائے جارہے ہیں۔ حکام کی طرف سے وفاقی وزیر ریلوے کو بریفنگ دی گئی کہ خیبر پختونخواکے لوگ چین کے ساتھ تجارت اور دیگر امور میں یہی راستہ استعمال کرتے رہے ہیں مگر امن وامان کی مخدوش حالت کی وجہ سے اس منصوبے کو باقاعدہ طور پر زیرِ غور ہی نہیں لایا جاسکا۔خواجہ سعدرفیق نے اس موقع پر پشاور، نوشہرہ، مردان اور چارسدہ تک ماس ٹرانزٹ منصوبے کے لیے ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا اور ہدایت کی کہ آگے بڑھاریلوے ٹریک کو درگئی تک آگے بڑھا نےکے حوالے سے بھی فوری طورپر رپورٹ پیش کی جائے انہوں نے کراچی سرکلر ریلوے اور کوئٹہ میں بھی ماس ٹرانزٹ کے منصوبوں کے لیے ورکنگ گروپ بنانے کے حوالے سے بھی ہدایات دیں۔انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ گوادر میں ریلوے کے نظام کا لیے بہترین افسران پر پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ تشکیل دیا جائے۔