لاہور(خصوصی رپورٹر)عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں شہدائے ماڈل ٹائون کےورثاء کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری طرح فٹ ہوں،شہیدوں کابدلہ لیے بغیر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔سانحہ ماڈل ٹائون میں ملوث ملزمان کو حکمرانوں نے بیرون ملک فرار کروایا یہ حکمرانوں پر منحصر ہے کہ وہ اب کیا چاہتے ہیں۔سانحہ ماڈل ٹائون میں ملوث مرکزی ملزمان کو حکمرانوں نے بیرون ملک فرار کروایا۔ حکمرانوں نے پولیٹیکل ٹیررازم سیل بنارکھا ہے، جہاں سیاسی مخالفین کی زندگی اور موت کے فیصلے ہوتے ہیں،صرف فوج پر اعتماد ہے،ماڈل ٹائون کیس فوجی عدالت میں چلایا جائے۔ اب انصاف کا خون ہوا تو مظلوم انصاف حاصل کرنے کیلئے آزاد ہونگے۔اس موقع پر شہداء کے ورثاء جن میں بچے ،خواتین اور بزرگ بھی شامل تھے نے ’’قاتلو جواب دو خون کا حساب دو ‘‘کے فلک شگاف نعرے لگائے اور ڈاکٹر طاہر القادری پر اپنے غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انصاف اور ظلم کے نظام کے خلاف جدوجہد کیلئے ہماری جانیں بھی حاضر ہیں۔اس موقع پر منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین، سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور، چیف آرگنائزر میجر(ر) محمد سعید، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی و دیگر مرکزی و صوبائی قائدین موجود تھ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امت مسلمہ انتہائی خطرناک دوراہے پر کھڑی ہے،مظالم کا شکار امت مسلمہ کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں،جو کچھ ہورہا ہے یہ کسی صورت بھی عالم اسلام کے حق میں نہیں ہے، 34 ملکی اتحاد کے بارے میں پوری تفصیل امت مسلمہ کے سامنے آنی چاہیے۔