اسلام آباد (نمائندہ خصوصی،وقائع نگار)پاکستان کے فرحان محبوب نے پریذیڈنٹ گولڈ کپ انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلہ کے بعد بین الاقوامی ٹورنامنٹ جیت لیا۔ مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں جمعہ کو فائنل میچ فرحان محبوب اور ہانگ کانگ کے لی آؤ کے درمیان کھیلا گیا۔ ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے اس میچ میں فرحان محبوب نے تین کے مقابلہ میں 2 گیم سے کامیابی حاصل کی۔ صدر مملکت ممنون حسین اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی تھے اور انہوں نے ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکر دگی کا مظاہر کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان ، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سابق ورلڈ چیمپئنز جہانگیر خان اور قمر زمان، غیر ملکی سفیروں اعلیٰ فوجی اور سول حکام کے علاوہ اسکواش کے دلدادہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی یہ میچ دیکھا۔ یہ ٹورنامنٹ 30 دسمبر کو شروع ہوا تھا جس میں ہانگ کانگ اور مصر سمیت 10 غیر ملکی اور کل 48 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ فائنل میں فرحان محبوب نے میچ کے آغاز سے ہی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنے حریف کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ دیا اور انہوں نے پہلی گیم 11/4 کے سکور سے جیت لی۔ دوسری گیم میں بھی فرحان میچ پر چھائے رہے اور یہ گیم بھی باآسانی 11/4 کے سکور سے جیت کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔تیسری گیم میں فرحان 8/11 کے سکور سے ہار گئے۔ چوتھی گیم میں دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا تاہم لی آؤ تین میچ پوائنٹ بچاتے ہوئے یہ گیم 12/10 کے سکور سے جیت گئے۔ پانچویں اور فیصلہ کن گیم میں فرحان محبوب نے دلکش کھیل پیش کرتے ہوئے یہ گیم11/3 سے جیت کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔ شائقین نے دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی پر انہیں خواب داد دی۔ ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 25 ہزار ڈالر تھی۔ فائنل مقابلہ میں جمشید گل خان ریفری تھے جبکہ سجاد احمد اور آصف خان نے ان کی معاونت کی۔ تقریب کے اختتام پر چیف آف دی ایئر اسٹاف سہیل امان نے ٹورنامنٹ کی یادگاری شیلڈ صدر مملکت کو پیش کی۔