کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) سابق وفاقی وزیر سید فیصل صالح حیات سے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت نے ملاقات کرکے پارٹی میں اپنا اہم اور فعال کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔ سابق آرمی چیف پرویز مشرف کے صدارت سے مستعفی ہونے کے بعد سابق نگراں وزیراعظم اور مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت کی پارٹی کے اہم اور بااثر افراد آہستہ آہستہ ان کا ساتھ چھوڑتے اور دوسری ملک گیر پارٹیوں میں شمولیت اختیار کرتے گئے۔ سابق وفاقی وزیر اور کئی بار جھنگ سے ایم این اے منتخب ہونے والے فیصل صالح حیات جو اس وقت کسی پارٹی میں شامل نہیں ہیں سے چوہدری شجاعت نے لاہور میں انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ دو گھنٹے سے زائد اس بالمشافہ ملاقات میں چوہدری شجاعت اور فیصل صالح حیات کے درمیان ملک میں جاری پاناما لیکس کیس اور دیگر امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ چوہدری شجاعت نے فیصل صالح حیات کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں مسلم لیگ (ق) میں دوبارہ سرگرم ہونے اور اپنا بھرپور کردار ادا کرنے درخواست کی۔ لیگی ذرائع نے بھی دونوں رہنمائوں کی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امکان ہے کہ فیصل صالح حیات مستقبل میں پارٹی میں اپنا اہم کردار ادا کرینگے۔ دریں اثناء ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پاکستان پیپلز پارٹی میں سرگرم ہونے کے بعد پی پی پی کے کئی پرانے چہرے بھی سرگرم ہوگئے ہیں۔ پی پی پی کی اعلی قیادت بھی پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے فیصل صالح حیات سے مسلسل رابطے میں ہے۔