• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خانپور ڈیم سے راولپنڈی کو پانی کی سپلائی کم،پانی کی قلت کا خدشہ

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے)سی ڈی اے نے واسا سے کنسلٹ کئے بغیر خانپور ڈیم سے راولپنڈی شہر کو پانی کی سپلائی کم کر دی ہے جس سے راولپنڈی شہر کے مختلف علاقوں کو پانی کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ ایم ڈی واسا راجہ شوکت محمود نے پیشگی ا طلاع کے بغیر سی ڈی اے سنگجانی ٹریٹمنٹ پلانٹ سے واسا کو سپلائی کئے جانے والے پانی کو 6 ایم جی ڈی سے کم کر کے 3 ایم جی ڈی کرنے پر بتایا ہے کہ واسا کو پہلے ہی خانپور ڈیم سے مختص شیئر سے پانی کم مل رہا تھاجس میں مزید کمی سے راولپنڈی شہر کے بیشتر علاقے جن میں پیرودھائی ، ڈھوک مٹکال ، شمس آباد، صادق آباد ، مسلم ٹائون اور اقبال ٹائون کو پانی کی سپلائی متاثر ہوگی تاہم واسا نے شہریوں کو متبادل ذرائع سے پانی سپلائی کرنے کی حکمت عملی تیا ر کر لی ہے ان علاقوں میں ٹیوب ویلوں کا دورانیہ بڑھانے کے ساتھ ساتھ واٹر بائوزر سے بھی پانی مہیا کیا جائے گا ۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا نے چیئرمین سی ڈی اے سے بھی درخواست کی ہے کہ واسا کو پانی کی سپلائی 6 ایم جی ڈی یومیہ پر بحال کرنے کے احکامات جاری کریں تاکہ صارفین کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔ ایم ڈی واسا نے اس صورت حال میں شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ پانی کا استعمال احتیاط سے کریں پانی کا غیرضروری استعمال جس میں فرش اور گاڑیاں دھونا شامل ہے کم کر کے واسا کا ساتھ دیں تاکہ تمام شہریوں کو بنیادی استعمال کیلئے پانی میسر رہے ۔
تازہ ترین