برسلز (عظیم ڈار)پاکستان تحریک انصاف بلجیم کے سینئر رہنمائوں غلام ربانی المعروف بابو بھائی، چیئرمین شیخ ماجد اور پارٹی کے روح رواں شکیل گوہر نے کہا ہے کہ جاوید ہاشمی جیسے سیاستدانوں نے مفاد کی سیاست کو رواج دیا، بابو بھائی نے کہا کہ وزیراعظم کو چاہئے تھا کہ وہ وزارت عظمیٰ کا منصب کسی اہل سیاست دان کو سونپ کر اپنے اوپر لگے الزام کا سامنا کرتے، لیکن پوری قوم موجودہ حکمرانوں کا حال دیکھ رہی ہے کہ کس طرح جھوٹ بولا جارہا ہے۔ چیئرمین شیخ ماجد نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے عوام اور ملک کیلئے کچھ بھی نہیں کیا بلکہ عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ سابقہ ادوار میں مسلم لیگ نے میڈیا پر بڑےبڑے دعوے کیے کہ وہ حکومت میں آکر ملک کا نقشہ تبدیل کرکے رکھ دیں گے، اس میں کوئی شک نہیں کہ حکمرانوں نے ملک کا نقشہ واقعی تبدیل کردیا ہے، اور عوام سادہ پانی تک کو ترس رہے ہیں، پاکستان تحریک انصاف بلجیم کے نامزد امیدوار برائے صدر شکیل گوہر نے کہا کہ ہم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کرکے ملک کو ترقی یافتہ ملکوں کی صفوں میں شامل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے بعد عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے صیہونی طاقتوں کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے ملک سے کرپشن اور دہشت گردی ختم کرنے کا عزم کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام عمران خان کا ساتھ دینے کیلئے اور پاکستان سے غربت، بیروزگاری، دہشت گردی اور دیگر بحرانوں کے خاتمے کیلئے اپنے گھروں سے باہر نکلیں۔ پی ٹی آئی بلجیم کے ممبران نے برسلز کی معروف کاروباری شخصیت چوہدری زوار حسین وڑائچ کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر اور حلقہ پی پی 207سے امیدوار برائے ایم پی اے بننے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔