لندن (جنگ نیوز)متحدہ قومی موومنٹ لندن کی رابطہ کمیٹی کے کنوینرندیم نصرت نے کہاہے کہ 21 جنوری کوکراچی میں’’ استحکام پاکستان ریلی ‘‘ اورمزار قائد پرجلسہ کراچی کی تاریخ کا بڑاجلسہ ہوگا۔ انہوں نے یہ بات ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں لندن میں زیرتعلیم پاکستانی طلبہ وطالبات کے ایک وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ مختلف یونیورسٹیوں میں زیرتعلیم یہ طلبہ وطالبات پاکستان کی سیاست اورایم کیوایم پر پی ایچ ڈی کررہے ہیں۔ ندیم نصرت نے کہاکہ پاکستان میں منصفانہ نظام کے قیام کی جدوجہدکے سلسلے میں ہم پاکستان میں مختلف ہم خیال گروپوں سے رابطے میں ہیں،پاکستان قومی موومنٹ بھی انہی میں سے ایک ہے،اس ضمن میں ہم خیال لوگوں میں ہمارے لئے مثبت جذبات پائے جاتے ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ اپنے اسی عزم کے عملی اظہارکیلئے 21جنوری کو کراچی میں عائشہ منزل سے مزارقائد تک’’ استحکام پاکستان ریلی ‘‘ نکالنے اورمزار قائد پر جلسےکے انعقاد کافیصلہ کیاگیاہے۔ اس ریلی اورجلسے کے انعقادکے سلسلے میں کراچی کی انتظامیہ سے اجازت کیلئے باقاعدہ درخواست دی گئی ہے،یہ ریلی اور جلسہ کراچی کی تاریخ کا بڑاجلسہ ہوگا۔دریں اثناءپاکستان قومی موومنٹ نے کراچی میں 21 جنوری کو’’ استحکام پاکستان ریلی اور جلسے کے انعقاد کی اجازت کیلیے دواضلاع وسطی اورشرقی کے ڈپٹی کمشنرزکو درخواست جمع کرادی ہے ۔جو ان اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں وصول کرلی گئی ہے ۔