وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے غیر معمولی احتجاج کرنے کا پروگرام بنایا تو اُسے روکنے کے لیے انتظامات بھی غیرمعمولی ہوں گے۔
پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تین لاکھ بندے تو خود بانی پی ٹی آئی بھی نہیں لاسکے تھے جب اُن کا گراف بہت اوپر تھا۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے کہا کہ عمران خان نے کبھی 20،25 ہزار سے زیادہ لوگ جمع نہیں کیے۔ اب اگر پی ٹی آئی اس قسم کے خواب دیکھ رہی ہے تو ایسے خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں، نہ 9 من تیل ہوگا نہ رادھا ناچے گی ۔
رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ اگر بانی پی ٹی آئی ایک مہینے میں رہا ہورہے ہیں تو تحریک کی تیاری کس لیے ہے۔
رہنما ن لیگ نے بشریٰ بی بی کی رہائی کے پیچھے ڈیل کا امکان بھی مسترد کردیا، کہا نہ حکومت، نہ عدلیہ، نہ اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کا امکان ہے، اسٹیبلشمنٹ سے تو پی ٹی آئی کے رابطے بھی نہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جلد ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ 26 ویں ترمیم کے ذریعے آئین اور عدلیہ کی آزادی پر حملہ کیا گیا۔