فیصل آباد (سٹاف رپورٹر )ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن نے معاملات حل نہ ہونے تک ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی کے زیر اہتمام لائلپور گولڈ کپ کبڈی ٹورنامنٹ کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ۔ انٹر نیشنل کھلاڑیوں پر مشتمل بندیشہ کبڈی کلب جہانگیرفیصل آباد صدر، اتحاد کلب چک جھمرہ ، عالم کبڈی کلب جڑانوالہ ، شاہین کلب کیالہ، گیلانی کلب فیصل آباد سٹی ، شیر پنجاب کلب، رندھاوا کلب ملاں پور، بٹ کلب نلکہ کوہالہ ، نواز باجا کلب کھڑریانوالہ ،ذیل گجراں کلب سمندری ، رحمان کلب نواں لاہور، امجد بھولا کبڈی کلب ٹوبہ ٹیک سنگھ نے ایونٹ کابائیکاٹ کیاہے۔ سیکرٹری ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن محمد طیب گیلانی نے کہا ہے کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ایونٹ کاحصہ نہیں بنیں گے۔ سیکرٹری پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن لاہور چوہدری محمد اعجاز نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے لیے این او سی حاصل نہیں کیاگیا اس لیے اس ٹورنامنٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے جس کی اطلاع ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب کو کردی گئی ۔