• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر انکم سپورٹ کے کارڈ ہتھیانے والے سود خور کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

ٹنڈو باگو ( نامہ نگار) ٹنڈو باگو کے نواحی گاؤں حسین اوٹھو کے رہائشی دو خاندانوں  کے افراد مسماۃ زینب اوٹھو، حاجراں،بےبی اوٹھو،یاسمین  اور دیگر نے  سود خور  کی جانب سے بے نظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام  کے کارڈ ہتھیانے کے خلاف ٹنڈو باگو پریس کلب  کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔  مظاہرین نے کہا کہ چھ ماہ قبل  انکم  سپورٹ پروگرام کے تحت پیسے لینے والی دو خواتین زینب اوٹھو اور حاجراں اوٹھو کے کارڈ ٹنڈو باگو کے ایک سود خور  کے پاس گروی رکھ کر 6 ہزار روپے قرضہ لیا تھا  تاہم قرضہ لوٹانے کے باوجود سود خور   بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کارڈ واپس نہیں کررہا  جس کے خلاف سیشن جج بدین کی عدالت میں درخواست دینے پر سود خور  ہراساں کررہا ہے۔اس سلسلے میں ایس ایس پی بدین کو بھی درخواست دی ہے۔  متاثرہ خواتین نے کہا کہ ان کے ساتھ انصاف نہ ہوا تو وہ تا دم مرگ بھوک ہڑتال کرینگی۔ اس سلسلے میں ٹنڈو باگو پولیس اسٹیشن پر رابطہ کیا گیا تو  ہیڈ محرر نے بتایا کہ متاثرین کی درخواست پر رپورٹ بنا کر عدالت میں پیش کی جائیگی۔  واضح رہے کہ  ٹنڈو باگو کے ہزاروں مستحق خواتین کے  کارڈ سود خوروں کے پاس گروی ہیں اس سلسلے میں چند ماہ قبل پنگریو میں بے نظیر بھٹو انکم سپورٹ  پروگرام کے کارڈ کا ایک اسکینڈل  سامنے آیا تھا  اور ایک سود خور سے سیکڑوں کارڈ برآمد کئے تھے  اب اس قسم کا ایک اور اسکینڈل  ٹنڈو باگو میں سامنے آیا ہے۔
تازہ ترین