راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) مردم شماری کیلئے راولپنڈی میں ٹی ایم اے کی پرانی بلڈنگ میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا۔ راولپنڈی ڈویژن میں مردم شماری کیلئے ماسٹر ٹرینرز کی ٹریننگ 24جنوری سےگورڈن کالج میں شروع ہو رہی ہے۔ 6فروری سے فیلڈ سٹاف کی تربیت شروع ہو گی جبکہ ابھی تک فیلڈ سٹاف کی 60فیصد بھرتی مکمل ہو سکی ہے جس میں 28چارج سپروائزرز، دوسو تین سرکل سپروائزرز شامل ہیں جبکہ 1750فیلڈ سٹاف کی بھرتی جاری ہے۔ ادہر پاکستان بیورو آف سٹیٹسکس نے ضلعی سطح پر مقرر کئے گئے مردم شماری ڈسٹرکٹ آفیسرز سے مردم شماری کیلئے بھرتی سٹاف کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ اس حوالے سے جوائنٹ مردم شماری کمشنر لاہور نے مراسلہ جاری کیا ہے۔ مردم شماری دو مرحلوں میں ہوگی۔ پہلا مرحلہ 15مارچ سے 15اپریل جبکہ دوسرا مرحلہ 25اپریل سے 25مئی تک ہوگا۔ راولپنڈی ڈویژن دوسرے مرحلے میں شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق تحصیل راولپنڈی کے شہری علاقے میں مردم شماری کیلئے 28چارج، 203سرکل، 1750کے قریب بلاک بنائے گئے ہیں۔ ایک بلاک میں 250/300تک گھر ہونگے۔ ایک چارج میں پانچ سے سات سرکل جبکہ ایک سرکل میں پانچ سے چھ بلاک ہونگے۔ ایک بلاک پر ایک شماریاتی نمائندہ تعینات ہو گا جبکہ تحصیل راولپنڈی کے دیہی علاقوں میں ایک موضع کو ایک بلاک کا درجہ دیا گیا ہے جہاں چارج ایک قانون گو حلقے پر مشتمل ہوگا۔ سرکل ایک پٹوار حلقے کا بنایا گیاہے۔