صوابی(نمائندہ جنگ)ایڈیشنل سیشن جج چھوٹا لاہور کی عدالت نے انتظامیہ کی رپورٹ پر واپڈا کیس میں گرفتار ضلع نائب ناظم حاجی عصر خان سمیت 38 گرفتار عمائدین ، علماء ، عوامی نمائندوں اور اصلاحی جرگہ کے اراکین کو ریگولر ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کر دیئے جب کہ جے یو آئی ضلع صوابی کے امیر مولانا عطاء الحق درویش نے اس موقع پر صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسسٹنٹ کمشنر چھوٹا لاہور کو جلد از جلد بر طرف کیا جائے ورنہ جے یو آئی جمعہ کے روز صوابی چوک میں بھر پور احتجاجی مظاہرہ کرے گی عدالت میں پیشی کے موقع پر وزیر اعلی کے معاون خصوصی عبدالکریم خان کے علاوہ جے یو آئی کے ضلعی امیر مولانا عطاء الحق درویش ، سابق ایم پی اے سر دار علی خان ، مسلم لیگ ن کے حاجی نوابزادہ خان اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین اور رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تمام گرفتار افراد کو ڈسٹرکٹ جیل صوابی سے پیشی کے لئے ایڈیشنل سیشن جج چھوٹا لاہور کی عدالت لایا گیا عدالت نے ان کی درخواست ضمانت منظور کر کے رہائی کے احکامات جاری کر دیئے اور باقاعدہ کیس کے لئے بعد میں تاریخ پیشی مقرر کی جائے گی اس موقع پر کثیر تعداد میں عمائدین علاقہ اور عوام موجود تھے۔ یاد رہے کہ سپیکرخیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے ایف آئی آر میں نامزد افراد اور انتظامیہ کے مابین راضی نامہ کرایا لیکن گذشتہ روز ایڈیشنل سیشن جج چھوٹا لاہور نے نامز د 36افراد کی قبل از گرفتاری ضمانت منسوخ کر دی اور یوں مزکورہ افراد کوچھوٹا لاہور پولیس نے حراست میں لے لیا ۔