کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان واپڈا کے اویس زاہد اور نیشنل بینک کی پلوشہ بشیر نے 54 ویں قومی فیوچر بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے انفرادی ایونٹ کے فائنل مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔ تمام کیٹیگریز کے فائنل منگل کوکھیلے جائیں گے ۔ مردوں کے انفرادی ایونٹ کے دفاعی چیمپئن پاکستان واپڈا کے اویس زاہد کا مقابلہ واپڈا کے ہی حافظ عرفان سعید سے ہوگا اور خواتین کے مقابلوں کی دفاعی چیمپئن نیشنل بینک کی پلوشہ بشیر کا سامنا واپڈا کی ماہور شہزاد سے ہوگا۔پاکستان اسپورٹس بورڈ کراچی سینٹر میں سندھ بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد ہونیوالی قومی چیمپئن شپ میں پیر کو کھیلے گئے مردوں کے انفرادی مقابلوں کے سیمی فائنل میں واپڈا کے اویس زاہد نے ایس این جی پی ایل کے انجم بشیر کو مات دی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں حافظ عرفان سعید نے عظیم سرور کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی۔ خواتین کے پہلے سیمی فائنل میں پلوشہ بشیر نے واپڈا کی صائمہ وقاص کو ہرادیا جب کہ دوسرے سیمی فائنل میں ماہور شہزاد نے سحر اکرم کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی۔ مینز ڈبلز کے پہلے سیمی فائنل میں واپڈا کے حافظ عرفان اور عظیم سرور پر مشتمل جوڑی نے این بی پی کے کاشف سلہری اور رضوان اعظم کو 2-1 سے اور دوسرے سیمی فائنل میں عتیق چوہدری اور اویس زاہد نے حاشر بشیر اور مراد علی کو 2-1 سے زیر کرکے فائنل میں رسائی حاصل کی۔ خواتین کے ڈبلز کے پہلے سیمی فائنل میں ماہور شہزاد اور سارہ مہمند نے صائمہ وقاص اور عائشہ اکرم کو 2-0 سے شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کی۔