کراچی(اسٹاف رپورٹر) اگلے ماہ بھارت میں ہونے والے سائوتھ ایشین گیمز کے لئےپاکستان باکسنگ ،اسکواش اور ٹینس کی ٹیموں کا اعلان کردیاگیا۔ باکسنگ ایونٹ میں خواتین ٹیم پہلی مرتبہ کسی انٹر نیشنل ایونٹ میں شرکت کرے گی، پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکریٹری اقبال حسین ٹیم کے منیجر ہونگے۔منتخب باکسرز میں محب اللہ(49) سید محمد آصف(52) نعمات اللہ(56) علی احمد(60) گل زیب(64) ارشد حسین(69) اور تنویر احمد(75) کیٹگیری میں ٹیم کا حصہ ہونگے، خواتین دستے میں خوشلیم بانو(51) رخسانہ پروین(60) اور صوفیہ جاوید(75) شامل ہیں۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکریٹری اقبال حسین نے کہا ہے کہ ایونٹ کے لئے بہترین باکسرز کاانتخاب کیا گیا ہے امید ہے کہ پاکستان اس بار ماضی سے بہتر نتائج حاصل کرے گا۔ دریں اثناپاکستان اسکواش فیڈریشن نےبھی ٹیم کا اعلان کیا۔ مردوں کی ٹیم میں ناصر اقبال، فرحان زمان،دانش اطلس اورشیخ ثاقب اور خواتین کی ٹیم میں ماریہ طور ، سعدیہ گل،ثمرانجم اور مقدس اشرف شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں پاکستان ٹینس فیڈریشن نے مینز اور ویمنزٹیموں کااعلان کردیاہے۔ خواجہ سعیدحئی چیئرمین سلیکشن کمیٹی کے مطابق مینزٹیم میں اعصام الحق قریشی،عقیل خان، یاسر خان،محمدعابدمشتاق جبکہ راشد ملک نان پلیئنگ کپتان ہونگے۔ویمنزٹیم میںسارہ منصور،سارہ محبوب، اُشنا سہیل اورایمان قریشی شامل ہیں محمد خالد صدیقی نان پلیئنگ کپتان ہونگے ۔