کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) فارورڈ عبید خان کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان اسٹیل نے نیشنل بینک پریذیڈنٹ کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں کراچی یونائٹیڈ کو 1-0 سے شکست دیدی جبکہ میزبان نیشنل بینک اور کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ بے نظیر اسپورٹس کمپلکس پر چیمپئن شپ کا افتتاح این بی پی کے ایس ای وی پی مدثرحسین خان نے کیا۔ اس موقع پر اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے سربراہ اویس اسد خان، انور فاروقی، قمر علی قریشی، غلام محمد خان، زاہد شہاب، عظمت اللہ خان، پاکستان کے ٹاپ فٹ بالر علی نواز بلوچ، محمد جیند خان، کے پی ٹی کے اسپورٹس انچارج کرنل (ر) بصیر عالم اور دیگر موجود تھے۔ پہلے میچ میں پاکستان اسٹیل اور کراچی یونائٹیڈ کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ رہا۔ پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ میچ کے75ویں منٹ میں فارورڈ عبید خان نے گول کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلوا دی۔ دوسرا میچ نیشنل بینک اور کے پی ٹی کے درمیان کھیلا گیا۔ پہلے ہاف میں کوئی گول نہ ہوسکا۔ دوسرے ہاف میں کے پی ٹی کے ظفر مجید نے ٹاپ ڈی سے خوبصورت کک لگا کر گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ نیشنل بینک نے گول برابر کرنے کی کوشش کی بالاخر کھیل کے اختتام سے 9منٹ قبل بینک کے نوجوان فارورڈ وسیم قادر نے گول کرکے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔ ٹورنامنٹ بارہ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں اور دو میچز روزانہ ہوں گے۔ قبل ازیں افتتاحی تقریب سے خطاب میں مدثرحسین خان نے کہا کہ کے ایم سی ہمیں زمین دے تو ہم وہاں فٹ بال اور ہاکی کا اسٹیڈیم بنا کر دیؒں گے۔ نیشنل بینک پریزیڈنٹ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ ہر سال ہو گا۔ کھیلوں کو آگے بڑھانے میں نیشنل بینک کا بنیادی کردار رہا ہے۔ چھوٹے چھوٹے شہروں میں بھی ہمارے ادارے نے مثبت سرگرمیوں کیلئے کھیلوں کا انعقاد کیا ہے اور وہاں سے کئی باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئے ہیں۔ قبل ازیں شعبہ اسپورٹس کے سربراہ اویس اسد خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی اور صحافی راشد علی صدیقی کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔