کراچی(اسٹاف رپورٹر)کاؤنٹرٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے بیک وقت سیاسی جماعت لندن گروپ اور کالعدم سپاہ محمد کے لئے کام کرنے والے ٹارگٹ کلر کو سی ٹی ڈی نے گرفتار کر لیا، دہشتگردذوالفقار علی نے10سے زائدفراد کے قتل میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے جبکہ سی ٹی ڈی میں شیڈول فورتھ میں شامل افراد کی نگرانی کے لئے باقاعدہ ایک یونٹ تشکیل دے دیا گیا ہے،تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سی ٹی ڈی انٹیلی جنس عمر شاہد نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پولیس نے سائٹ ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلر ذوالفقار علی نقوی عرف محمد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا، ملزم بیک وقت متحدہ لندن گروپ اور کالعدم سپاہ محمد کے لئے کام کرتا تھاانہوں نے مزید بتایا کہ ملزم ذوالفقار علی سال 2010اور 2011کے دوران ٹارگٹ کلنگ کی 10سے زائد وارداتوں میں ملوث رہا ہے، ایس ایس پی عمر شاہد کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ پٹیل پاڑہ کے علاقے میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں 3افراد کے قتل کی تحقیقات کے دوران ملزم ذوالفقار کی گرفتاری عمل میں آئی ہے ایس ایس پی عمر شاہد کا کہنا تھا کہ فورتھ شیڈول میں موجود افراد کی نگرانی کے لئے مظہر مشوانی کی نگرانی میں باقاعدہ ایک سیل قائم کر دیا گیا ہے جس نے بھر پور انداز میں کام شروع کر دیا ہے۔ ایک سوا ل کے جواب میں ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے کہا کہ سی ٹی ڈی میں اچھی شہرت کے حامل پولیس افسران کو شامل کررہے ہیں ۔