ملتان(نمائندہ جنگ)لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کے خلاف عدلیہ مخالف تقریر کے الزام میں کارروائی کرنے کی درخواست پر سماعت 23 جنوری تک ملتوی کرنے کا حکم دیاہے ۔فاضل عدالت میں ملتان کے شہبازعلی خان گرمانی ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی تھی کہ یکم جنوری کو ٹی وی چینلز پرسابق ممبرقومی اسمبلی جاوید ہاشمی نے عدلیہ کے خلاف بیان دیاجس میں سابق چیف جسٹس پاکستان ناصرالملک سمیت دیگر کو نشانہ بنایاگیااورغلط الفاظ استعمال کئے ہیں جس پر وزیراعظم پاکستان ،وزارت داخلہ،قانون،اطلاعات،کیبنٹ ڈویژن ،سپیکر قومی اسمبلی ،چیئرمین سینٹ ،الیکشن کمیشن اورپیمرا کو درخواستیں بھجوائی کہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے جاوید ہاشمی کے جانب سے بدنیتی پر مبنی اقدام کیاگیا ہے اس لئے ان کے خلاف آرٹیکل 204 کے تحت کارروائی کرنے کے ساتھ ان کے بیان نشر اورشائع کرنے سے بھی روکنے کا حکم دیاجائے ۔اس ضمن میں گزشتہ روز سماعت پر وفاقی وصوبائی لاءافسران عدالت پیش ہوئے جنہوں نے تیاری کے لئے مہلت کی استدعا کی ہے ۔