اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین سینیٹ رضا ربانی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ان کے بینک اکائونٹس میں 10،10کروڑ روپے منتقلی کی رسیدیں ملی ہیں،جو ابتدائی تحقیق میں جعلی ثابت ہوئیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ ،اسپیکر ایاز صادق کو چیمبرز کے پتے جبکہ رضا ربانی کو کراچی والے گھر پر ایس ایم ای بینک کی رسیدیں ملی،علاوہ ازیں سینیٹر اعتزاز احسن سمیت دیگر پارلیمانی لیڈروں کے بینک اکائونٹ سے بھی جعلی ٹرانزیکشن کا انکشاف ہوا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اسٹیٹ بینک اور ایف آئی اے کو معاملے کی تحقیقات کی ہدایت کردی ہے،اس حوالے سے چیئرمین سینیٹ نے ڈی جی ایف آئی اے کو خط لکھ کر تحقیقات کرنے کا کہا ہے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ 10کروڑ روپے کے فکسڈ ڈپازٹ کی بینک رسید اپوزیشن چیمبر کو موصول ہوئی ،اپنے اکائونٹ میں 10کروڑ روپے کا جان کر حیران و پریشان ہوگیاجس کے بعد اسٹاف کو متعلقہ بینک سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی،جنہوں نے ٹی ڈی آر کو جعلی قرار دیا۔