لاہور(نمائندہ خصو صی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ اللہ کریم کا شکر ہے کہ ن لیگ کی بدترین حکمرانی میں عوام کو جس بدحالی کا سامنا ہے اسے دیکھ کر لوگ ہمارے کام یاد کر رہے ہیں جو میری حکومت نے صرف 5سالہ مدت میں پنجاب میں کیے تھے۔ وہ پارٹی کی تنظیمی نو کے سلسلہ میں دھمیال راولپنڈی میں پہلے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ ورکرز کنونشن میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، چودھری پرویزالٰہی بڑی ریلی کے ہمراہ پہنچے توقائدین کے حق میں پرجوش نعرے لگائے گئے۔ کنونشن میں نومنتخب مرکزی سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ، چیف آرگنائزر محمد بشارت راجہ، چودھری ظہیرالدین، محمد اجمل وزیر نے بھی خطاب کیا جبکہ ناصر راجہ، حامد نواز راجہ، حافظ عمار یاسر، راجہ معین سلطان، چودھری جاوید نذیر، سید سجاد حسین شاہ، نصیر احمد راجہ، چودھری شفقت، حاجی مجید، امین اللہ خان اور دیگر مسلم لیگی رہنما موجود تھے۔ محمد بشارت راجہ کی جانب سے کنونشن کے شرکا کو استقبالیہ بھی دیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ ان کے 9سال میں 9نمائشی اسکیمیں ناکام ہو گئیں، عوام کا اربوں روپیہ ہڑپ کر لیا گیا۔