کر ا چی (اسٹاف رپورٹر )انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیوایم کے رہنما رئوف صدیقی کے خلاف اشتعال انگیز تقریرسے متعلق سہولت کاری کیس میں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین و دیگر رہنماؤں فاروق ستار، وسیم اختر، رشید گوڈیل سمیت 22رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ استغاثہ کے مطابق ایم کیوایم کے رہنما رئوف صدیقی کے خلاف تھانہ گڈاپ ٹاؤن میں مقدمہ درج ہے۔ پولیس کی جانب سے مقدمہ کا چالان عدالت میں پیش کیا گیا جس میں کہا گیا کہ الطاف حسین نے جولائی 2015میں کارکنان سے خطاب کیا تھا جس میں ملکی سالمیت کے خلاف تقریر کی گئی اور اشتعال انگیز جملوں کا استعمال کیا گیا جبکہ اس تقریر میں رؤف صدیقی سمیت دیگر رہنماؤں نے سہولت کار کے فرائض انجام دیئے۔ اس مقدمہ میں ایم کیوایم کے رہنما الطاف حسین،فا روق ستار،وسیم اختر، رشید گوڈیل، قمر منصور، ریحان ہاشمی، کیف الوریٰ، خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر22 افراد کو پولیس کی جانب سے چالان میں مفرور قرار دیا گیا تھا۔ عدالت نے مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتا ر ی جاری کیےہیں۔ جبکہ مقدمہ میں رؤف صدیقی ضمانت پر ہیں۔