پشاور(نیوزرپورٹر) پشاورہائی کورٹ کے جسٹس وقار احمد سیٹھ اور جسٹس محمد غضنفرخان پرمشتمل ڈویژن بنچ نے ہیڈ کانسٹیبل سپیشل برانچ کی پنشن کے حوالے سے عدالتی احکامات کے باوجود جواب جمع نہ کروانے پر ڈی پی او چارسدہ کی تنخواہ قرق کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔ فاضل عدالت نے ناصر کمال یوسفزئی ایڈوکیٹ وساطت سے درخواست گزار عظمت علی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی تو عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزار1988 میں بطور کانسٹیبل محکمہ پولیس بھرتی ہوا تاہم بعدازاں اس کااسپیشل برانچ میں تبادلہ کر دیا گیا،انہوں نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کی 27 سالہ سروس ہے تاہم اس کی پنشن ادا نہیں کی جارہی ہے جبکہ فاضل عدالت نے متعلقہ حکام سے متعدد بار اس حوالے سے جواب بھی طلب کیا ہے، جس پر فاضل عدالت نے پر ڈی پی او چارسدہ کی تنخواہ قرق کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔