کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیشنل بینک آف پاکستان کی طرف سے سیالکوٹ میں تقسیمِ انعامات کی ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں بینک نے اپنے ان کسٹمرز میں انعامات تقسیم کیے جنہوں نے اپنی ریمیٹینسز کی رقوم وصول کرنے کے لیے نیشنل بینک آف پاکستان کی خدمات استعمال کیں۔ان انعامات میں موٹربائیکس،ایل سی ڈی ٹی ویز، گولڈ بارز، لیپ ٹاپ کمپیوٹرز اور متعدد دیگر تحائف شامل تھے۔ اس سے قبل مختلف شہروں ، بشمول لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، ایبٹ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، ملتان، مردان، مظفر آباد، فیصل آباد اور پشاور میں اسی طرح کی متعدد تقریبات منعقد کی جاچکی ہیں۔اکراچی سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابقسیالکوٹ میں اس تقریب سے نیشنل بینک آف پاکستان کی رمضان پروموشنل کیمپین2016کے لیے انعامات کی تقسیم مکمل ہوگئی جس کے دوران مجموعی طور پر380 صارفین نے کئی ملین روپے کے انعامات جیتے ۔ تقریب کے دوران نیشنل بینک آف پاکستان کے ہیڈ آف ریمیٹینس بزنس ایس ایچ ارتضیٰ کاظمی نے نیشنل بینک آف پاکستان کے ذریعے اپنی ریمیٹینسز وصول کرنے پر کسٹمرز کا شکریہ ادا کیا اور قانونی راستوں سے ہوم ریمیٹینسز بھیجنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل بینک آف پاکستان نے اپنے صارفین کے ساتھ ایک مثبت اور صحت مند انہ تعلق برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز کررکھی ہے اور 2017 میں زیادہ بڑے انعامات کے ساتھ ایسی ہی پروموشنل کیمپینز کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں پی آر آئی کی معاونت کی بدولت 2015-2016میں پاکستان کی ریمیٹینسز 20ارب ڈالر تک بڑھ چکی ہیں اور ابھی مزید اضافے کی گنجائش موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل بینک آف پاکستان آئندہ سالوں میںریمیٹیسنز بزنس میں بطورمارکیٹ لیڈر اپنی پوزیشن بنانے کی تیاری کررہاہے۔ اس تقریب کے دوران سیالکوٹ ریجن میں نیشنل بینک آف پاکستان کی ریمیٹینس تقسیم کرنے والی تین سرفہرست برانچوں کو بھی نیشنل بینک آف پاکستان کے ریجنل ہیڈ سیالکوٹ، جناب سہیل حسن بٹ کی طرف سے شیلڈزسے نوازا گیا۔ جناب سہیل نے کسٹمرز کا بھی شکریہ ادا کیا اورانہیں نیشنل بینک آف پاکستان کی تمام برانچوں میں بے مثال خدمات کی فراہمی کا یقین دلایا۔