ملتان ،مظفرگڑھ،روہیلانوالی(سٹاف رپورٹر،نمائندہ جنگ،نامہ نگار) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بارش کے باعث بجلی کی فراہمی کا نظام بری طرح متاثرہوادرجنوں فیڈرز خرابی کے باعث بند ہو گئے ۔ متعدد ٹرانسفارمرز اور میٹرز جلنے کی اطلاعات موصول ہوئیں‘ ملتان شہر میں بھی بڑی تعداد میں ٹرانسفارمر ز اور میٹرز خراب ہوئے جس کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا‘ دوسری جانب میپکو کے لائن سٹاف کی کمی کے باعث کمپلینٹس کے ازالے میں تاخیر ہوئی ‘ صارفین میپکو دفاتر فون کرتے رہے ‘ دیہات میں تو بری صورتحال رہی ‘ کئی صارفین کی شکایات کا ازالہ گزشتہ روز نہیں ہو سکا ۔مظفرگڑھ میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا تو بجلی کی آنکھ مچولی بھی شروع ہوگئی صبح اذان کے بعد بجلی بند ہوگئی اور دوپہر12بجے بجلی بحال کی گئی پھر بھی بار بار لوڈشیڈنگ ہوتی رہی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا تو محلہ شیخوپورہ ،گارڈن روڈ،پیپل والا ،بخاری والا ،ریلوے روڈ ،قائم والاسمیت کئی علاقوں میں گیس غائب ہوگئی روہیلانوالی شہرمیں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹے تک پہنچ گیا شہریوں کا موقف ہے واپڈا روہیلانوالی اپنی نااہلی چھپانے اور لائین لاسز پورے کرنے کیلئے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کر رہی ہے۔