کراچی( نصر اقبال/اسٹاف رپورٹر) ہاکی کلب آ ف پاکستان کی انتظامیہ کلب کی فلڈ لائٹس کو کسی حد تک درست کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے مگر روشن ہونے والے ٹاور کی روشنی بہت کم ہے جس پر لاسٹ فور مرحلے میں آنے والی ٹیموں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ لائٹ ٹاور کی درستگی کے دوران خاصی دل چسپ باتیں سامنے آئی، ٹاورز کے تار کاٹے ہوئے تھے،بعض سے پرندوں کے گھونسلے، انڈے بچے نکالے گئے، بلب کے ہولڈر بھی گل سڑ گئے تھے۔ دس سال سے زائد عرصے کے دوران پی ایچ ایف نے اسٹیڈیم کی لائٹس کو بحال اور قومی سطح پر ہونے والے مقابلوں کو مصنوعی روشنی میں کھلانے کی زحمت تک گوارا نہیں کی جبکہ ہاکی کلب کی انتظامیہ بھی خواب خرگوش میں رہی۔ ہاکی کلب کی انتظامیہ کوشاں ہے کہ قومی ہاکی چیمپئن شپ کے سیمی فائنل نہ سہی فائنل تو فلڈ لائٹ میں ہوسکے اس کا دارومدا ر ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی رضامندی پر ہے۔