چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ شریف خاندان کا اصل منی ٹریل اسحاق ڈا ر کے اعترافی بیان میں ہے ، منی لانڈرنگ کرنے والا آج اسٹیٹ بینک میں نمبر ٹو بنا بیٹھا ہے ، نواز شریف کے لگائے ہوئے چیئرمین نیب نے اسحاق ڈار کو بری کیا۔
پاناما پیپرز کیس کی سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈاروعدہ معاف گواہ بنے تھے،جس میں اسحاق ڈار نے اعتراف کیا کہ نوازشریف منی لانڈرنگ کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ نیب کنٹرولڈ ادارہ ہے وہ مجرموں کو کیسے پکڑے گا؟، منی لانڈرنگ نوازشریف کے لیے کی جاتی تھی،دنیا میں کوئی بھی جمہوریت ہوتی ہے اس میں وزیراعظم کواستعفیٰ دینا پڑتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ نوازشریف نے اسمبلی میں کہا تھا کہ ان کے پاس تمام دستاویزات ہیں،نوازشریف کونہیں پتا تھا کہ ان کو عدالت میں آنا پڑے گا،شریف فیملی کے بیانات بدلتے جارہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھاکہ شریف فیملی کے دستاویزات کے مطابق گلف اسٹیل 15 ملین درہم نقصان میں تھی۔انہوںنے مزید کہا کہ گلف اسٹیل کے پاس پیسہ نہیں تھا توکہاںسے پیسہ آگیا اورقطریوں کوکہاں سے دیا؟