پشاور (نمائندہ جنگ) جونیئر ایشین سکواش چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے چار رکنی پاکستانی اسکواش ٹیم ہانگ کانگ روانہ ہوگئی۔ ایونٹ کا انعقاد 2 فروری سے 5 فروری تک ہوگا۔ ہانگ کانگ روانگی کے موقع پر پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن عامرنواز نے ٹیم کو رخصت کیا ۔ سابق عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی امجد خان اس دورہ میں ٹیم کے منیجر اور کوچ ہیں جبکہ چار رکنی ٹیم میں کپتان مہران جاوید، عباس زیب، عبدالمالک اور منصورزمان شامل ہیں۔ روانگی کے موقع پر سیکرٹری اسکواش فیڈریشن عامرنواز نے کہا کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کی کاوشوں اور فیڈریشن کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کی ذاتی دلچسپی سے پاکستان ایک پار پھر اسکواش کی دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کررہا ہےاب پاکستان کی جونیئر ٹیم اب ایشین جونیئر اوپن ٹیم چیمپئن شپ میں کامیابی کے لئے بھی پوری طرح تیار اور پرعزم ہے۔اس موقع پر ٹیم کے منیجر اور کوچ امجد خان نے کہا کہ ہمارے نئے کھلاڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں گذشتہ سال ہونے والے ورلڈ جونیئر اوپن ٹیم اور ایشین جونیئر اوپن انفرادی مقابلوں میں فتح سے ہمارے حوصلے بلند ہیں۔