خیرپور (بیورو رپورٹ) پیپلزپارٹی شہید بھٹو کی جانب سے میر مرتضیٰ بھٹو کا مقدمہ کھلوانے اور سندھ میں کرپشن کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کی قیادت انجینئر عبدالکریم سوہو ،زبیر پٹھان ،صادق پھلپوٹو اور دیگر کر رہے تھے۔ ریلی میں شریک افراد نے کورٹ روڈ پر بھوک ہڑتال بھی کی۔ اس موقع پر انجینئر عبدالکریم سوہو اور دیگر نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کا مطالبہ ہے کہ شہید میر مرتضیٰ بھٹو کا مقدمہ کھول کر تیز رفتاری سے چلایا جائے اور مقدمے میں نامزد ملزمان کو اپنے کئے کی سزا دی جائے ۔انہوں نےافسوس سے کہاکہ بعض طاقتور لوگ میر مرتضیٰ بھٹو کے قتل کا مقدمہ چلوانے میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں ان کا کہنا تھا کہ وہ انصاف چاہتے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ میر مرتضیٰ بھٹو کے قتل میں ملوث مجرموں کو سزا ملے۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ سندھ کرپشن کا گڑھ بنا ہوا ہے کرپشن مافیا نے سندھ کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ کرپشن کرنے والے گذشتہ ساڑھے 8بر س سے میرٹ کا جنازہ نکالے ہوئے ہیں قوم کے پیسوں سے انہوں نے اپنی کوٹھیاں بھر رکھی ہیں اور بڑی گاڑیوں کے مالک بنے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ قومی دولت لوٹنے والوں کے احتسا ب کے لیے نکلے ہیں۔ نیب ایف آئی اے اور دیگر اداروں نے کرپشن مافیا کے خلاف مطلوبہ کارروائی نہیں کی جس پر قوم میں بڑی مایوسی پھیلی ہوئی ہے۔