ملتان، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نمائندگان، ایجنسیاں) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں دن بھر دھند چھائی رہی ۔ دھند کا سلسلہ مزید دو روز جاری رہنے کا امکان ہےکل 3 فروری سے بارشوں کا نیا سسٹم جنوبی پنجاب میں داخل ہو گاجبکہ چترال میں شدید برفباری سے زمینی رابطے منقطع ہوگئے ہیں خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اوربرفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے تفصیلات کے مطابق ملتان اور جنوبی پنجاب کے تمام علاقوں میں گذشتہ روز دھند کا راج رہا ، شہری علاقوں میں دھند کی شدت کم رہی جبکہ دیہاتی علاقوں میں دھند کی وجہ سے حد نگاہ صفر ہوگیا ۔دیگر شہروں سے آنے والی ٹریفک کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔دھند کے باعث ٹریفک ، ٹرینیں سست روی کا شکار رہیں ۔ملتان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پروازویں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کل 3فروری سے بارشوں کا نیا سسٹم جنوبی پنجاب میں شامل ہو گا ، کئی علاقوں میں بارش کےا مکانات ہیں میلسی میں دھند کی وجہ سے حدنگاہ کم ہو گئی ٹریفک سست پڑ گئی مسافروں کوپریشانی کاسامنارہاادھر چترال میں شدید برفباری سے پاک افغان سرحد پر واقع گاوں بروغل کے 1400 گھرانوں کا رابطہ ایک ہفتے سے ملک کے دیگر شہروں سے منقطع ہےمحکمہ موسمیات پشاور کے ڈائریکٹر مشتاق علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کی نسبت اس سال بارشیں اور برف زیادہ پڑی ہے اور اس میں خیبر پختونخوا کے علاقے مالم جبہ اور کالام میں سب سے زیادہ برفباری ہوئی ہے۔ مالم جبہ میں دس فٹ اور کالام میں آٹھ فٹ تک برف پڑی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کے روز اسلام آباد اور بالائی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بارش اور مری وگلیات میں برف باری کا امکان ہے کشمیر اور گلگت بلتستان کے اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پربرف باری ہو گی۔