لاہور(اپنے نامہ نگارسے)14 اہم غیر ملکی سفارتکاروں نے گزشتہ روز کٹاس راج چکوال کا دورہ کیا۔وفد میں امریکہ ،برطانیہ،فرانس آسٹریلیا ، یورپی یونین، جرمنی،انڈیا،تاجکستان کے سفاتکار اور، یونیسکو اور ورلڈ بینک کے نمائندے بھی شامل تھے ۔یہ سفارتکار حکومت پنجاب کی خصوصی دعوت پر کٹاس راج چکوال آئے ۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق سیکرٹری متروکہ وقف املاک ،ڈی جی آرکیالوجی پنجاب ،ڈپٹی کمشنر چکوال نے مہمانوں کی کٹاس راج آمد پرشاندار استقبال کیا ۔جبکہ اے ڈی سی آر اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر ضلعی و انتظامی افسران بھی موقع پر موجود تھے۔ ڈی جی آرکیالوجی بنجاب نے سفارتکاروں کو مختلف مقامات کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کٹاس راج ہندوئوں کا قدیم تاریخی مقدس مقام ہے۔ کٹاس راج کے مندروں کی تاریخ پانچ ہزار سال پرانی ہے اور ہندوئوں کی مقدس کتاب گیتا بھی اسی جگہ پر لکھی گئی ہے سفارتکاروں نے کٹاس راج کے مختلف مقامات شواتری مندر،راما چندرہ مندر،ہر ی سنگھ نلوا کی حویلی، ست گھرا مندر اور پانڈوئوں کے تاریخی کنویں کے علاوہ دیگر مقامات بھی دیکھے۔ غیر ملکی سفارتکاروں نے تاریخی مقامات میںگہری دلچسپی کا اظہار کیا اور وہاں پر یادگار کے طور پر تصاویر بھی بنوائیں صدیق الفاروق نے کہا کہ حکومت پاکستان نے اس عظیم تاریخی ورثے اور اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو ان کی اصل حالت میں برقرار رکھنے کے لیے کروڑوں روپے خرچ کئے ہیں اور اس کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔انہوں نے غیر ملکی سفارتکاروں کو اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی بہتری اور تزئین و آرئش کے لئے کئے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا جس پر غیر ملکی سفارتکاروں نے حکومت بنجاب باالخصوص حکومت پاکستان کے احسن اقدامات کو سراہا۔صدیق الفاروق نے امید ظاہر کی کہ غیر ملکی سفارتکاروں کے اس طرح کے دورے سے پاکستان کے سافٹ امیج کو عالمی برادری میں مزید تقویت حاصل ہو گی۔ غیر ملکی سفارتکاروں کی کٹاس راج آمد کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔