صوابی(نمائندہ جنگ)جمعیت علماء اسلام صوابی نے صوابی میں فحاشی و عر یانی ، بد امنی ، چوری کی وارداتوں اور منشیات فروشی کوپی ٹی آئی حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر اس کے خلاف عملی اقدامات اُٹھائے۔ ان خیالات کااظہار جے یو آئی کے ضلعی عمومی کے اجلاس سے ضلعی امیر مولانا عطاء الحق درویش ، سینئر نائب امیر الحاج غفور خان جدون ، سیکرٹری جنرل مولانا احسان الحق ، مولانا تاج نبی خان ، مولانا مشتاق حسین، عبدالسلام ہمدرد اور ضلعی میڈیا انچارج محمد ہارون حنفی و دیگر نے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہا کہ صوابی میں جو بھی سوئی گیس کے منصوبے کا افتتاح کریگا اس کا سارا کریڈیٹ جے یو آئی کو جارہا ہے ۔کیونکہ ضلع صوابی کو سوئی گیس کی فراہمی کے لئے جے یو آئی کے ایم این اے قاضی فضل اللہ نے اپنے دور میں پچیس کروڑ روپے فنڈز مختص کر کئے تھے لیکن بعد ازاں اس منصوبے کو اس وقت کی حکومت نے ہزارہ منتقل کر دیا لہٰذا اگر انجینئر امیر مقام گیس کا افتتاح کرینگے تو اس موقع پر جے یو آئی کو اس منصوبے میں شامل کیا جائے کیونکہ یہ جے یو آئی کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صد سالہ یوم تاسیس کانفرنس کے حوالے سے ضلع صوابی کی 56یونین کونسلوں میں کارنرز اجلاسز کے علاوہ چاروں تحصیلوں کی سطح پر بڑے بڑے اجتماعات ہونگے جس میں صوبائی قائدین بھی شرکت کرینگے۔ اجلاس کے آخر میں جے یو آئی کے مرحوم سالار ناصر ندیم کی مغفرت کے لئے اجتماعی دُعا بھی کی گئی۔