کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں ڈیجیٹل فنانشل سروسز کے فروغ اور نئی ٹیکنالوجی کمپنی کو فنانسنگ اور رہنمائی فراہم کرنے والی کمپنی کارانداز پاکستان نے 3نئی کمپنیوں کو 3لاکھ ڈالر کی گرانٹس فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخظ کئے ہیں۔ ان کمپنیوں میں ریکلٹ پاکستان، پیس لیب اور پبلش ایکس سلوشنز نامی کمپنیاں شامل ہیں جنہیں ایک لاکھ ڈالر فی کمپنی گرانٹ فراہم کی گئی ہے۔ تینوں کمپنیوں نے Fintech Disrupt Challenge میں کامیابی حاصل کی ہے اس چیلنج اورگرانٹ کیلئے انعامی رقم بل اینڈ ملنڈا گیٹس فائونڈیشن نے فراہم کی ہے۔ Fintech Disrupt Challenge کیلئے 61درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے 28درخواست گزاروں کو چیلنج میں شرکت کا موقع دیا گیا جوکہ لمز کے سینٹر آف انٹرپنیورشپ کے تعاون سے نومبر 2016ء میں منعقد کیا گیا تھا۔ 28شرکاء میں سے ماہرین نے 10شرکاء شارٹ لسٹ کئے تھے ۔ججز میں انڈسٹری ماہرین شامل تھے جن کا تعلق اربی سوفٹ، ایکومن، بینک الفلاح اور کارانداز پاکستان کے بورڈ ممبرزبھی تھے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر کارانداز پاکستان سرفراز علی نے کہاکہ اس مقابلے میں شاندار ٹیلنٹ دیکھنے کو ملا اور ان تین نئی کمپنیوں کو ایک لاکھ ڈالر فی کس کی گرانٹ کی فراہم کے ساتھ اس مقابلے کا ایک مرحلہ اختتام پذیرہوا مگر اصل اور زیادہ اہم مرحلہ یہ ہے کہ ان تینوں کمپنیوں کے آئیڈیے عملی شکل میں کامیابی حاصل کریں۔