• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر ریجن میں غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کیخلاف پیمرا کی کارروائیاں، ممنوع آلات برآمد

سکھر (بیورو رپورٹ ) پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ’پیمرا‘ سکھر ریجن کے ریجنل ہیڈ شیراز اصغر شیخ نے ریجن کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر فروخت ہونے والی ممنوع رسیور ، ڈش اور ایل ایم بی اور دیگر آلات بھاری تعداد میں برآمد کرلئے۔ اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیمرا کے ریجنل ہیڈ شیراز اصغر شیخ نے کہا کہ 15؍ اکتوبر سے اب تک 2000؍ سے زائد غیر قانونی فروخت ہونے والے آلات برآمد کر کے انہیں تحویل میں لیا گیا ہے اور ان کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے گئے ہیں، کارروائیاں سکھر اور حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں کی گئیں، پیمرا سکھر ریجن میں 6ڈویژن جن میں حیدرآباد، سکھر، میرپور خاص، لاڑکانہ اور شہید بے نظیر آباد ڈویژن شامل ہیں، ان ڈویژن کے تمام اضلاع جن میں سکھر، خیرپور، لاڑکانہ، گھوٹکی، نوابشاہ ، نوشہروفیروز ، سانگھڑ، میرپور خاص، حیدرآباد سمیت دیگر اضلاع شامل ہیں میں پیمرا کے چیئرمین ابصار عالم کی ہدایات پر غیر قانونی ڈی ٹی ایچ، انڈین چینلز کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ مارکیٹوں میں غیر قانونی اشیاء کی فروخت کے خلاف کسٹم کے ہمراہ کریک ڈاؤن جاری ہے ، اس دوران پیمرا نے متعدد کامیاب کارروائیاں کیں ہیں، پیمرا کے قوانین پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پیمرا نے محکمہ کسٹم کے ساتھ مل کر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 1162 غیر قانونی آلات کو سکھر اور 819آلات کو حیدرآباد میں قبضے میں لے کر سیل کیا گیا ، سکھر اور حیدرآباد ریجن میں مختلف دکانوں، مارکیٹوں اور گوداموں کے دورے کئے گئے اوروہاں موجود سامان کا جائزہ لیا گیا، شیراز اصغر شیخ کے مطابق سکھر میں 252 کیبل ٹی وی نیٹ ورک کا انسپکشن کیا گیا جبکہ حیدرآباد میں 272 کیبل نیٹ ورک انسپکشن کیا گیا جس کا مقصد لائسنس کی جانچ پڑتال کرنا اور آلات کا جائزہ لینا ہے۔قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے متعدد کیبل آپریٹرز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی، سکھر میں 97غیر قانونی آلات کو سیل کیا گیا اور حیدرآبادمیں 232مختلف ممنوعہ آلات سیل کئے گئے۔ ریجن بھر میں ایف ایم ریڈیو کا بھی پیمرا کی ٹیموں نے انسپکشن کیا،سکھر میں6ایف ایم ریڈیو اور حیدرآباد میں 9ایف ایم ریڈیو کے انسپکشن کئے گئے۔پیمرا کی ٹیموں نے مختلف کارروائیوں کے دوران سکھر میں 10اور حیدرآباد3؍ ہیڈ کو سیل کیا، پیمرا نے کارروائیاں کرتے ہوئے 162؍ ڈشیں، ممنوع رسیور اور دیگر سازوسامان برآمد کر لیا۔ریجنل ہیڈ پیمرا نے کہا کہ پیمرا کے چیئرمین ابصار عالم کی جانب سے خصوصی طور پر ہدایات دی گئی ہیں کہ غیر قانونی طور پر چلنے والے کیبل نیٹ ورک اور سازوسامان کی فروخت کو روکنے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں اس حوالے سے تمام تر صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
تازہ ترین