وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور ترقیات احسن اقبال کہتے ہیں کہ نواز شریف نے ترقی کے جو منصوبے شروع کیے ہیں انہوں نے پاکستان کے دشمنوں کے پیٹ میں مروڑ ڈال دیا ہے۔
صوابی میں ن لیگ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کو تکلیف ہے کہ اگر ایٹمی طاقت معاشی طاقت بھی بن گئی تو وہ اسے ڈکٹیشن نہیں دے سکیں گے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج تک کوئی وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے لیےا تنے منصوبے شروع نہیں کرسکی جتنے ہم نے کیے، صوابی یونیورسٹی کے لیے ایک ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام کا فیصلہ ہے کہ ہم نوازشریف کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری رکھیں گے، خیبر پختونخوا ن لیگ کا قلعہ ہے، 2018ء میں یہاں ن لیگ دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہوگی۔