انٹرنیشنل ٹریٹیز میں ایسی ٹریٹی بھی موجود ہے جس کے تحت ممالک کے د رمیان ملزمان کی حوالگی کے معاملات طے پاتے ہیں ۔ اگر ایک ملک کو ایسے شخص کی حوالگی مطلوب ہوجو مذکورہ ملک کی نظر میںمجرم قرار پائے لیکن وہ ملک میں نہیں بلکہ کسی دوسرے ملک کا شہری بن چکا ہو اسی Prisoner Transfer Treaty کی مدد سے وہ ملک مطلوبہ شخص کی حوالگی کا مطالبہ کرکے ملکی قوانین کے تحت سزا دلوانے کے لئے واپس منگواسکتا ہے اور اسی ٹریٹی کے معاہدے میں بندھے ہونے کی وجہ سے دوسرے ملک کی حکومت اس شخص کو واپس بھیجنے کی پابند ہوجاتی ہے ۔ برطانیہ نے اس ضمن میں کئی ممالک کے ساتھ معاہدہ کیا ہے لیکن پاکستان اور برطانیہ کے مابین ایسا کوئی معاہدہ نہیں طے پایا ہے ۔ البتہ ایک مسودہ ضرور تیار کیا گیا تھا لیکن اس کو عملی جامہ نہیں پہنایا جاسکا اور معاملہ سرد خانے کی نذر ہوگیا تھا ۔ اس لئے پاکستان کا کوئی شہری برطانیہ کی شہریت اسائلم یا کسی اور بنیاد پر حاصل کر کے برطانیہ میں ہی مستقل سکونت اختیار کر لیتا ہے اور اگر کبھی پاکستانی حکومت کو اس بات کا شبہ ہو کہ اس شخص کی کسی بھی سرگرمی سے ملکی حالات میں بدامنی یا پھر اس کا انداز و بیاں ملک میں شر پسندی پھیلانے کا ذریعہ بناہوتو ایسی صورت میں پاکستانی حکومت کے لئے یہ ناممکن ہی ہوتا ہے کہ وہ مجرم کی لسٹ میں اس کا نام شامل کرکے قرار واقعی سزا دلانے کے لئے مذکورہ شخص کی واپسی کا مطالبہ کر سکے کیونکہ برطانیہ کبھی بھی اپنے کسی شہری کو دوسرے ملک کے حوالے کرنے کو تیار نہ ہوگا جب تک کہ اس شخص کی وجہ سے برطانیہ کے ملکی حالات کسی طور خراب نہ ہوئے ہو ۔ بالکل ایسے ہی جس طرح برطانیہ کے شہر راچڈیل میں کچھ پاکستانی نژاد برطانوی شہری کم عمر لڑکیوں کی سکس گرومنگ کرنے کے جرم میں گرفتار کئے گئے اور ان کے لئے برطانیہ کی شہریت منسوخ کر کے ملک بدری کے واضح امکانات ہیں ۔ ایسا ہی ایک اور واقعہ جس میں اسٹینسٹڈ ائر پورٹ پر پی آئی اے کی فلائٹ میں ایک شخص کو برطانوی پولیس نے گرفتار کیا ہے جو پہلے سے ہی پولیس کو مطلوب تھا اور اس پر میٹروپولیٹن پولیس کو مکمل اختیار حاصل تھا کہ وہ اس شخص کو گرفتار کر کے تفتیش کے دائرے کار میں لے آئے ۔ ایسے ہی اکثر امریکہ کی جانب سے بھی پاکستان سے ایسے اشخاس کی حوالگی کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے جن کیلئے امریکہ پکے ثبوت فراہم کرتا ہے کہ ان لوگوںنے امریکہ میں دہشت گردی کا منصوبہ بنایا جس کے لئے اسے سزا بھی امریکی قوانین کے تحت ہی دی جائے گی لیکن پاکستان کے لئے ایسے مطالبات جوئے شیر لانے کے متراف ہوتے ہیں کہ وہ اپنے ہی شہریوں کو آسانی سے مجرم گردان کر ملک میں واپس لا سکے لیکن ایک طریقہ ہے کہ حکومت پاکستان ریڈ کارڈ جاری کرے جو اس بات کا اجازت نامہ ہے کہ انٹر پول، جو کہ بین الاقوامی کرمنل پولیس ادارہ ہے اوردنیا کے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ دہشت گردی اور بین الاقوامی جرائم اور مجرموں کی گرفتار ی کے حوالے سے کام کرتا ہے ، کے ذریعے مطلوبہ شخص کو گرفتار کرواکر واپس پاکستانی حدود میں لا یا جائے۔ جیسے حال ہی میںپاکستان کی وزارت داخلہ نے ایک ریڈ کارڈ جاری کرنے کا عندیہ ظاہر کیا ہے جس کے بعد انٹرپول سے رابطہ کیا جاسکے گالیکن یہ سوال اپنی جگہ بدستور موجود ہے کہ کیا ایسا ممکن ہو گا ؟ کیونکہ ایسے پہلوئوں کو بھی دیکھنا ہوگا جو اس پر عمل کرنے کی راہ میں رکاوٹ ہیں ۔ سب سے پہلے یہ کہ برطانیہ میں شہریت حاصل کرنے کے کافی طریقے ہیں جن میں سے کچھ توامیگریشن قوانین پر سختیوں کی نذر ہوکر ختم کر دئیے گئے ہیں لیکن اسائلم کے ذریعے شہریت حاصل کرنے کا قانون بدستور موجود ہے جس کے تحت کوئی بھی شخص یہ ثابت کر دے کہ اسے اپنے ملک میں جان کا خطرہ ہے چاہے وہ ملک میں چھڑی جنگ کی وجہ سے ہو یا پھر خود اسکی سیاسی کاروباری دشمنی کی وجہ سے ۔ پھر حکومت برطانیہ باقاعدہ تحقیقات کے بعد کہ آیا اس شخص کی بات درست ہے یا نہیں اسے اسائلم سیکر قرار دے کر اپنی سیاسی پناہ میں لے لیتی ہے لیکن کیا برطانیہ کے پاس ایسے لوگوںکو جمع کرنے کاکوئی مقصد بھی ہوسکتاہے ؟ بالکل یقین سے تو نہیں کہا جاسکتا لیکن کچھ خاص لوگوںپر یہ بات درست بیٹھتی ہے کہ حکومت اپنے مقاصد کے لئے ان کا استعمال کر سکتی ہے ۔ اب اگر حکومت پاکستان ایسے کسی شخص پر الزام عائد کر ے کہ یہ ملک میں بدامنی کا باعث بنا ہے تو حکومت برطانیہ کس طرح اسے پاکستان کو واپس کرے گی کیونکہ ایک تو اب وہ برطانیہ کا شہری ہے دوم حکومت برطانیہ کا کسی طور مدد گار بھی ۔ پھر یہ بھی کہ برطانیہ میں اس کا کریکٹر گڈہو لیکن وہ پاکستان کے دعوے کے مطابق پاکستان کے اندر شر پسندی پھیلانے کا باعث بنا ہو تب بھی حکومت برطانیہ کیونکر اسے واپس کرے گی ؟اور پھر برطانیہ جیسے ملک میں جہاں صرف انسانی حقوق کی بنا پر بڑے بڑے مقدمات جیت لئے جاتے ہیں وہاں صرف اس دعوے پرکہ فلاںشخص کا انداز منفی پروپیگنڈہ کو ہوا دے رہا تھا جس کی وجہ سے ملک میں شرپسندی اور بد امنی کی فضاء قائم ہوئی برطانیہ کو راضی کرکے اس شخص کو نکال لانااتنا بھی آسان نہیں ہوگا ۔ البتہ مذکورہ شخص کی بیرون ملک بات چیت کی مانیٹرنگ ضرور کی جاسکتی ہے اور ضرورت پڑنے پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے اگر اس کے انداز سے نفرت انگیزی کا اظہار ہوتا محسو س ہو ۔ صرف ریڈ کارڈ جاری کرنے سے پاکستان کے لئے ایسے معاملات نمٹانا آسان نہیں ہوسکتا لیکن اگر پاکستانی حکومت مجرموں کی منتقلی کے معاملے کی حساسیت کو محسوس کرتے ہوئے برطانیہ کے ساتھ کوئی باضابطہ معاہدہ کرے جس میں شرپسندی پھیلانا یا اس پر اکسانے کے لئے نامزد مجرم کی حوالگی کی شق بھی شامل ہو تو پھر شاید یہ آسان ہوجائے ۔
.